يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نُودِيَ لِلصَّلَاةِ مِن يَوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ۚ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! جب جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو اللہ کے ذکر کی طرف لپکو اور خرید وفروخت چھوڑ دو، یہ تمھارے لیے بہتر ہے، اگر تم جانتے ہو۔
اے ایمان والو ! جو لوگ اللہ کی مرضی حاصل کرنے کی پرواہ نہیں کرتے تم بھی ان کی پرواہ نہ کرو بس تم ان کو چھوڑ دو اور اللہ کی رضا جوئی کی فکر کیا کرو دیکھو ایک خاص کام رضا جوئی کا تم کو بتاتے ہیں اس کی تعمیل کیا کرو۔ پس سنو ! جمعہ کے روز دوپہر کے وقت جب نماز کے لئے اذان دی جائے یعنی بذریعہ اذان تم کو بلایا جائے تو تم بلا تکلف اور بلا تاخر اللہ کے ذکر خطبہ اور نماز کی طرف چلا کرو اور سودا سلف اور دیگر کاروبار چھوڑ دیا کرو دنیاوی طمع نہ کیا کرو یہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم اللہ احکام کی حکمت جانتے ہو یعنی اگر تمہیں اس بات کا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ جس کام کا حکم دیتا ہے اس میں اگر نقصان ہو تو اس کی تلافی کردیتا ہے پس تم اس یقین کے ساتھ حکم الٰہی کی تعمیل کرو