يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَوَلَّوْا قَوْمًا غَضِبَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ قَدْ يَئِسُوا مِنَ الْآخِرَةِ كَمَا يَئِسَ الْكُفَّارُ مِنْ أَصْحَابِ الْقُبُورِ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! ان لوگوں کو دوست مت بناؤ جن پر اللہ غصے ہوگیا، جو آخرت سے اسی طرح ناامید ہوچکے ہیں جس طرح وہ کافر ناامید ہوچکے ہیں جو قبروں والے ہیں۔
اے مسلمانو ! سورۃ ہذا کے شروع مضمون پر متوجہ ہو کر سنو کہ اس نالائق قوم کے لوگوں سے کبھی دوستی نہ لگانا جن پر اللہ نے غضب کیا ہے وہ آخرت سے ایسے ناامید ہیں جیسے کافر لوگ اہل قبور کی زندگی سے ناامید ہیں۔ کیونکہ ان کا قول ہے اِنْ ھِیَ اِلَّا حَیٰوتُنَا الدُّنْیَا وَمَا نَحْنُ بِمَبْعُوْثِیْنَ سب کچھ یہی دنیا ہے آخرت کے لئے ہم زندہ نہ ہوں گے۔ پس تم اس سورۃ کے شروع اور آخر کو پڑھ کر ایسے مخالفوں سے دوستی نہ لگانا اور ان کو اپنا مخلص نہ سمجھنا۔ تمہارا ولی صرف اللہ ہے اور بس۔