سورة الحديد - آیت 2

لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اسی کے لیے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ہے، وہ زندگی بخشتا اور موت دیتا ہے اور وہ ہر چیز پر پوری طرح قادر ہے۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اس کی حکومت اتنی بڑی وسیع اور زبردست ہے کہ تمام آسمانوں اور زمینوں کا ملک اسی کے قبضہ قدرت میں ہے یعنی سارے ملک کا اصلی بادشاہ وہی ہے دنیا کے بادشاہ سب اس کے ماتحت اور غلام ہیں۔ مگر اس کی بادشاہی کوئی دنیاوی بادشاہوں کی سی نہیں ہے کیونکہ دنیا کے بادشاہوں اپنی رعیت کو زندگی نہیں دے سکتے۔ نہ زندوں کو فنا کرسکتے ہیں یہ کام اللہ ہی کے کرنے کا ہے۔ اس لئے تم سن رکھو کہ وہی اللہ زندگی بخشتا ہے اور بخشی ہوئی زندگی چھین کر وہی موت وارد کرتا ہے۔ یعنی زندہ کو مردہ کردیتا ہے یہ سب کام اسی کے کرنے کے ہیں اس لئے کہ وہ ہر کام پر بہت بڑی قدرت رکھتا ہے۔