يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا يَسْخَرْ قَوْمٌ مِّن قَوْمٍ عَسَىٰ أَن يَكُونُوا خَيْرًا مِّنْهُمْ وَلَا نِسَاءٌ مِّن نِّسَاءٍ عَسَىٰ أَن يَكُنَّ خَيْرًا مِّنْهُنَّ ۖ وَلَا تَلْمِزُوا أَنفُسَكُمْ وَلَا تَنَابَزُوا بِالْأَلْقَابِ ۖ بِئْسَ الِاسْمُ الْفُسُوقُ بَعْدَ الْإِيمَانِ ۚ وَمَن لَّمْ يَتُبْ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الظَّالِمُونَ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! کوئی قوم کسی قوم سے مذاق نہ کرے، ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں، اور نہ کوئی عورتیں دوسری عورتوں سے، ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں، اور نہ اپنے لوگوں پر عیب لگاؤ اور نہ ایک دوسرے کو برے ناموں کے ساتھ پکارو، ایمان کے بعد فاسق ہونا برا نام ہے اور جس نے توبہ نہ کی سو وہی اصل ظالم ہیں۔
مسلمانو ! نسل کے لحاظ سے یا پیشہ کی وجہ سے یا ملکی اختلاف سے گو تم مختلف قومیں ہو یا ہوسکتے ہو مگر یہ تمہاری قومیتیں سب دینی قومیت کے وقت سب ہیچ ہیں تم لوگ سب مسلمان ہو اس لئے کوئی قوم سے مسخری جس میں ان کی ذلت ہو نہ کیا کرے دور نہیں کہ وہی قوم جس کو کم درجہ سمجھا گیا ہے وہی اللہ کے نزدیک بوجہ نیک عملی کے ان سے اچھی ہو اور خاص کر عورتیں جن کو اس قسم کی عادت زیادہ ہوتی ہے۔ وہ دوسری قوم کی عورتوں سے مسخری اور توہین نہ کیا کریں عجب نہیں کہ وہی اللہ کے نزدیک ان سے بہترہوں اور ایک دوسرے کو طعنے نہ دیا کرو۔ نہ عیب لگایا کرو۔ نہ آپس میں ایک دوسرے کے برے برے القاب رکھا کرو جس سے ان کی ہتک ہو۔ اور اس کو رنج پہنچے۔ سنو ! ایمانداری کے بعد کسی کے حق میں برا نام تجویز کرنا یا استعمال کرنا بہت معیوب ہے اس سے پرہیز کرنا چاہیے یہ ہدایت پہنچنے کے بعد بھی جو لوگ ایسی بدخصلتوں سے توبہ نہ کریں گے وہی اللہ کے نزدیک ظالم ہوں گے۔