يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تُقَدِّمُوا بَيْنَ يَدَيِ اللَّهِ وَرَسُولِهِ ۖ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھو اور اللہ سے ڈرو، یقیناً اللہ سب کچھ سننے والا، سب کچھ جاننے والا ہے۔
اے ایمان والو ! سنو ہم تم کو ایک اخلاقی سبق سکھاتے ہیں۔ اخلاق کا اصل الاصول یہ ہے کہ ہر ایک شخص جس عزت کے لائق ہو اس سے وہی برتائو کیا جائے۔ چونکہ سب سے مقدم اللہ کا حق ہے اس سے بعد اس کے رسول کا۔ اس لئے تم کو حکم دیا جاتا ہے۔ کہ سب سے پہلے یہ دونوں حقوق ادا کیا کرو یعنی اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھا کرو۔ مطلب اس کا یہ ہے کہ شرعی امور میں اللہ اور رسول کی اجازت کے بغیر کوئی کام از خود نہ کیا کرو۔ ورنہ تم طاغی بدعتی بن جائو گے۔ اور ہر وقت اللہ ہی سے ڈرتے رہو۔ سنو ! اللہ تعالیٰ سننے والا جاننے والا ہے اس کے سامنے تمہاری ایچ پیچ کی بات چلے گی نہیں۔