سورة النمل - آیت 63

أَمَّن يَهْدِيكُمْ فِي ظُلُمَاتِ الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَمَن يُرْسِلُ الرِّيَاحَ بُشْرًا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهِ ۗ أَإِلَٰهٌ مَّعَ اللَّهِ ۚ تَعَالَى اللَّهُ عَمَّا يُشْرِكُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

یا وہ جو تمھیں خشکی اور سمندر کے اندھیروں میں راہ دکھاتا ہے اور وہ جو ہواؤں کو اپنی رحمت سے پہلے خوشخبری دینے کے لیے بھیجتا ہے؟ کیا اللہ کے ساتھ کوئی (اور) معبود ہے؟ بہت بلند ہے اللہ اس سے جو وہ شریک ٹھہراتے ہیں۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

بھلا ایک بات اور بتلاؤ کون تم کو برو بحر کے اندھیروں میں مطالب کی طرف راہ نمائی کرتا ہے یعنی کس نے وہ علامات پیدا کر رکھی ہیں جن سے تم راہ یاب ہوسکتے ہو اور کون اپنی رحمت یعنی بارش سے پہلے ہواؤں کو خوشخبری دیتے کیلئے بھیجتا ہے جن کے آنے سے لوگ جان جاتے ہیں کہ باران رحمت کا نزول ہوا چاہتا ہے کیا ایسے کام کرنے میں کوئی اور معبود بھی اللہ کے ساتھ ہے ! کچھ شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے شرک سے بلند ہے