سورة العاديات - آیت 8
وَإِنَّهُ لِحُبِّ الْخَيْرِ لَشَدِيدٌ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور بے شک وہ مال کی محبت میں یقیناً بہت سخت ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿وَاِنَّہٗ ﴾اور بلاشبہ انسان﴿لِحُبِّ الْخَیْرِ ﴾مال کی محبت میں﴿لَشَدِیْدٌ﴾ ” بہت سخت ہے۔“ یعنی مال سے بہت زیادہ محبت کرتا ہے اور مال کی محبت ہی اس کے لیے حقوق واجبہ کو ترک کرنے کی موجب بنی اور یوں اس نے اپنی شہوت نفس کو اپنے رب کی رضا پر ترجیح دی۔ یہ سب کچھ اس لیے ہوا کہ اس نے اپنی نظر کو صرف اسی دنیا پر مرکوز رکھا اور آخرت سے غافل رہا ۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے یوم وعید کا خوف دلاتے ہوئے فرمایا : ﴿اَفَلَا یَعْلَمُ﴾ یعنی اپنے آپ کو طاقت ور سمجھنے والا یہ شخص، کیانہیں جانتا؟ ﴿ اِذَا بُعْثِرَ مَا فِی الْقُبُوْرِ﴾جب اللہ تعالیٰ قبروں میں سے مردوں کو ان کے حشر ونشر کے لیے نکالے گا۔