إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ
بلاشبہ ہم نے اسے قدر کی رات میں اتارا۔
اللہ تبارک وتعالی ٰنے قرآن کی فضیلت اور اس کی بلند قدرومنزلت بیان کرتے ہوئے فرمایا : ﴿اِنَّآ اَنْزَلْنٰہُ فِیْ لَیْلَۃِ الْقَدْرِ﴾ ” بے شک ہم نے اسے شب قدر میں نازل کیا۔“ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿ إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةٍ مُّبَارَكَةٍ﴾( الدخان :44؍3)”بے شک ہم نے اسے بابرکت رات میں اتارا ہے۔“ اس کاشب قدر میں نازل کرنایہ ہے کہ اللہ نے قرآن کے نازل کرنے کی ابتدا ، رمضان المبارک میں اور شب قدر میں کی۔ شب قدر کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر عام رحمت فرمائی ، بندے جس کاشکر ادا نہیں کرسکتے۔ اس کی عظیم قدرومنزلت اور اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کی فضیلت کی بنا پر اس کو ﴿لَيْلَةُ الْقَدْرِ ﴾ کے نام سے موسوم کیا گیا ، نیز اس لیے بھی اس کو ﴿لَيْلَةُالْقَدْرِ ﴾ کہا گیا کہ سال بھر میں جو کچھ واقع ہوتا ہے، یعنی عمر، رزق، دیگر تقدیر وغیرہ اس میں مقدر کردی جاتی ہیں۔