سورة الإنسان - آیت 21

عَالِيَهُمْ ثِيَابُ سُندُسٍ خُضْرٌ وَإِسْتَبْرَقٌ ۖ وَحُلُّوا أَسَاوِرَ مِن فِضَّةٍ وَسَقَاهُمْ رَبُّهُمْ شَرَابًا طَهُورًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

ان کے اوپر باریک ریشم کے سبز کپڑے اور گاڑھا ریشم ہوگا اور انھیں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے اور ان کا رب انھیں نہایت پاک شراب پلائے گا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿عٰلِیَہُمْ ثِیَابُ سُـنْدُسٍ خُضْرٌ وَّاِسْتَبْرَقٌ ﴾ یعنی ان کو سبز اور دبیز ریشم کے باریک اطلس کے لباس پہنائے جائیں گے ۔یہ دونوں حریر کی بہترین اقسام ہیں۔ ﴿سندس﴾ موٹے اور دبیرز ریشمی کپڑے کو کہتے ہیں اور ﴿ استبرق ﴾ باریک ریشمی کپڑے کو کہا جاتا ہے۔ ﴿ وَّحُلُّوْٓا اَسَاوِرَ مِنْ فِضَّۃٍ ﴾ مردوں اور عورتوں کو ان کے ہاتھوں میں چاندی کے کنگن پہنائے جائیں گے، یہ وعدہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے ان کے ساتھ کررکھا ہے اور اللہ تعالیٰ کا وعدہ پورا ہو کر رہتا ہے کیونکہ اپنے قول اور اپنی بات میں اس سے بڑھ کر کوئی سچا نہیں ﴿ وَسَقٰیہُمْ رَبُّہُمْ شَرَابًا طَہُوْرًا﴾ ” اور انہیں ان کا رب پاک صاف شراب پلائے گا ۔“جس میں کسی بھی لحاظ سے کوئی کدورت نہ ہوگی اور انکے پیٹ میں جو آلائشیں وغیرہ ہوں گی ان کو پاک صاف کردے گی۔