وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ الْكَذِبَ وَهُوَ يُدْعَىٰ إِلَى الْإِسْلَامِ ۚ وَاللَّهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ
اور اس شخص سے زیادہ ظالم کون ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھے، جب کہ اسے اسلام کی طرف بلایا جا رہا ہو اور اللہ ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
﴿وَمَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰی عَلَی اللّٰہِ الْکَذِبَ﴾ ”اور اس سے زیادہ ظالم کون ہے جو اللہ پر جھوٹ باندھے۔ “جو یہ بہتان طرازی یا اس کے علاوہ بہتان طرازی کرتا ہے ،حالانکہ اس کے پاس کوئی عذر نہیں اور اس کی حجت منقطع ہوگئی کیونکہ ﴿ یُدْعٰٓی اِلَی الْاِسْلَامِ ﴾ ”وہ اسلام کی طرف بلایا جاتا ہے۔“ اور اس پر اسلام کے دلائل وبراہین واضح ہوگئے ہیں ﴿وَاللّٰـهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ﴾” اور اللہ ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔“جو اپنے ظلم پر قائم ہیں جنہیں کوئی نصیحت اپنے ظلم سے باز رکھ سکتی ہے نہ کوئی دلیل وبرہان اس سے ہٹا سکتی ہے، خاص طور پر یہ ظالم لوگ جو حق کے مقابلے میں کھڑے ہوئے ہیں تاکہ اسے ٹھکرا دیں اور باطل کی مدد کریں۔