سورة الصف - آیت 1
سَبَّحَ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۖ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اللہ کا پاک ہونا بیان کیا ہر چیز نے، جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے اور وہی سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
یہ اللہ تعالیٰ کی عظمت اور اس کے غلبے کا بیان ہے، نیز اس حقیقت کا بیان ہے کہ تمام اشیا ء اس کے سامنے سرافگندہ ہیں اور آسمانوں اور زمین کے تمام رہنے والے اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح بیان کرتے ہیں ،اس کی عبادت کرتے ہیں اور اس سے اپنی حوائج طلب کرتے ہیں۔ ﴿ وَہُوَ الْعَزِیْزُ﴾ ”اور وہ غالب ہے۔“ یعنی اپنے غلبے اور تسلط کے ذریعے سے تمام اشیاء پر قاہر ہے۔ ﴿الْحَکِیْمُ﴾ وہ پنے خلق وامر میں حکمت والا ہے۔