سورة الحديد - آیت 9

هُوَ الَّذِي يُنَزِّلُ عَلَىٰ عَبْدِهِ آيَاتٍ بَيِّنَاتٍ لِّيُخْرِجَكُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۚ وَإِنَّ اللَّهَ بِكُمْ لَرَءُوفٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہی ہے جو اپنے بندے پر واضح آیات اتارتا ہے، تاکہ تمھیں اندھیروں سے روشنی کی طرف نکالے اور بلاشبہ اللہ تم پر یقیناً بے حد نرمی کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ہُوَ الَّذِیْ یُنَزِّلُ عَلٰی عَبْدِہٖٓ اٰیٰتٍ بَیِّنٰتٍ﴾ ’’وہ اللہ ہی ہے جو اپنے بندے پر واضح آیتیں اتارتا ہے یعنی ایسی ظاہری نشانیاں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لے کر آئے ہیں ،اس کی صداقت پر عقل مندوں کی راہنمائی کرتی ہیں، نیز یہ اس بات کی دلیل ہیں کہ یہی حق الیقین ہے۔ ‘‘﴿لِّیُخْرِجَکُمْ﴾ ’’تاکہ وہ تمہیں نکالے۔‘‘ تمہاری طرف رسول مبعوث کر کے اور اس کتاب و حکمت کے ذریعے سے جو اس نے اس رسول کے ہاتھ پر اتاری۔ ﴿مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ﴾ ’’اندھیروں سے اجالے کی طرف۔‘‘ یعنی تمہیں جہالت اور کفر کی تاریکیوں سے نکال کر علم و ایمان کی روشنی میں لائے۔ یہ تم پر اس کی رحمت و رافت ہے کہ وہ اپنے بندوں پر اس سے بھی زیادہ رحیم ہے جتنی ماں اپنے بچے پر رحیم ہے۔ ﴿وَاِنَّ اللّٰہَ بِکُمْ لَرَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ﴾ ’’اور اللہ تعالیٰ تم پر بہت شفقت کرنے والا( اور )نہایت رحم کرنے والا ہے۔‘‘