سورة ق - آیت 35
لَهُم مَّا يَشَاءُونَ فِيهَا وَلَدَيْنَا مَزِيدٌ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
ان کے لیے جو کچھ وہ چاہیں گے اس میں ہوگا اور ہمارے پاس مزید بھی ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿لَهُم مَّا يَشَاءُونَ فِيهَا﴾ انہیں وہاں ہر وہ چیز حاصل ہوگی، جس سے ان کی چاہت وابستہ ہوگی۔ اس سے بڑھ کر ﴿ مَزِيدٌ﴾ ’’اور بھی زیادہ ہے“ یعنی ثواب، جسے رحمٰن اور رحیم ان کے لئے بڑھاتا رہے گا، جسے کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے اور نہ کسی بشر کے دل میں کبھی اس کا گزر ہوا ہے۔۔۔ سب سے بڑا، سب سے جلیل اور سب سے افضل ثواب اللہ تعالیٰ کے چہرہ انور کا دیدار، اس کے کلام کی سماعت اور اس کے قرب کی نعمت ہوگی۔ ہم اللہ تعالیٰ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ ہمیں بھی انہی لوگوں میں شامل کردے۔