سورة الأحقاف - آیت 18

أُولَٰئِكَ الَّذِينَ حَقَّ عَلَيْهِمُ الْقَوْلُ فِي أُمَمٍ قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِهِم مِّنَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ ۖ إِنَّهُمْ كَانُوا خَاسِرِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

یہی وہ لوگ ہیں جن پر بات ثابت ہوگئی ان امتوں سمیت جو جن و انس میں سے ان سے پہلے گزر چکیں، یقیناً وہ خسارہ پانے والے تھے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ أُولَـٰئِكَ الَّذِينَ ﴾ یعنی اس مذموم حالت کے حاملین ﴿ حَقَّ عَلَيْهِمُ الْقَوْلُ ﴾ ان پر کلمۂ عذاب واجب ہوگیا ﴿ فِي أُمَمٍ قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِهِم مِّنَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ ﴾ ” وہ ان جنات اور انسانوں کے گروہ کے ساتھ شامل ہوں گے جو ان سے پہلے گزر چکے ہیں“ یعنی ان جملہ قوموں میں جو کفر اور تکذیب پر جمی رہیں عنقریب وہ اپنے کرتوتوں کے سمندر میں غرق ہوں گے۔ ﴿ إِنَّهُمْ كَانُوا خَاسِرِينَ ﴾ ” یقیناً وہ نقصان پانے والے تھے۔“ اور خسران انسان کے راس المال کے ضائع ہونے کا نام ہے۔ جب راس المال ہی مفقود ہو تو منافع سے محرومی تو بدرجہ اولیٰ ہے۔ پس وہ ایمان سے محروم ہوگئے ہیں انہیں کوئی نعمت حاصل ہوئی نہ وہ جہنم کے عذاب سے بچ سکے۔