سورة الصافات - آیت 103

فَلَمَّا أَسْلَمَا وَتَلَّهُ لِلْجَبِينِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

تو جب دونوں نے حکم مان لیا اور اس نے اسے پیشانی کی ایک جانب پر گرا دیا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿فَلَمَّا أَسْلَمَا ﴾ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے سر تسلیم خم کردیا، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے رب کی اطاعت میں اور اس کے عذاب سے ڈرتے ہوئے اپنے جگر گوشے کو ذبح کرنے کا پختہ ارادہ کرلیا اور بیٹے نے اپنے آپ کو صبر پر مجبور کیا تو اس پر اپنے رب کی اطاعت اور اپنے والد کی رضا جوئی آسان ہوگئی۔ ﴿ وَتَلَّهُ لِلْجَبِينِ﴾ یعنی ابراہیم علیہ السلام نے اسماعیل علیہ السلام کو پیشانی کے بل گرا دیا تاکہ ذبح کرنے کے لئے ان کو لٹائیں۔ اسماعیل علیہ السلام اوندھے منہ لیٹ گئے تاکہ ذبح کے وقت ابراہیم علیہ السلام ان کے چہرے کو نہ دیکھ سکیں۔