احْشُرُوا الَّذِينَ ظَلَمُوا وَأَزْوَاجَهُمْ وَمَا كَانُوا يَعْبُدُونَ
اکٹھا کرو ان لوگوں کو جنھوں نے ظلم کیا اور ان کے جوڑوں کو اور جن کی وہ عبادت کیا کرتے تھے۔
جب قیامت کے روز وہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں حاضر کئے جائیں گے اور اس چیز کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے جس کی وہ تکذیب کیا کرتے اور اس کا تمسخر اڑایا کرتے تھے، تو ان کو جہنم میں داخل کرنے کا حکم دیا جائے گا، جس کو وہ جھٹلایا کرتے تھے۔ ان کے بارے میں کہا جائے گا : ﴿ احْشُرُوا الَّذِينَ ظَلَمُوا﴾ ” جو لوگ ظلم کرتے تھے انہیں جمع کرو۔“ یعنی جنہوں نے کفر، شرک اور معاصی کا ارتکاب کر کے اپنے آپ پر ظلم کیا ﴿وَأَزْوَاجَهُمْ﴾ ” اور ان کے ہم جنسوں کو“ یعنی جن کا عمل ان کے عمل کی جنس سے ہے، ہر شخص کو اس شخص کے ساتھ شامل کردیا جائے گا جو عمل میں اس کا ہم جنس تھا۔ ﴿وَمَا كَانُوا يَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللّٰـهِ ﴾ ” اور جن کی و وہ اللہ کے سوا عبادت کیا کرتے تھے۔“ یعنی اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر جن بتوں اور خود ساختہ ہم سروں کی عبادت کیا کرتے تھے اور جن کو انہوں نے معبود بنا رکھا تھا، جمع کیا جائے گا۔ کہا جائے گا کہ ان سب کو اکٹھا کرو ۔