سورة فاطر - آیت 30

لِيُوَفِّيَهُمْ أُجُورَهُمْ وَيَزِيدَهُم مِّن فَضْلِهِ ۚ إِنَّهُ غَفُورٌ شَكُورٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

تاکہ وہ انھیں ان کے اجر پورے پورے دے اور اپنے فضل سے انھیں زیادہ بھی دے، بلا شبہ وہ بے حد بخشنے والا، نہایت قدردان ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ لِيُوَفِّيَهُمْ أُجُورَهُمْ﴾ ” تاکہ وہ دے ان کو ان کا پورا پورا اجر“ یعنی ان کے اعمال کی قلت و کثرت ان کے حسن و قبح کے اعتبار سے ان کا اجر ﴿وَیَزیْدَھُمْ مِنْ فَضْلِہِ﴾ یعنی اللہ تعالیٰ ان کو ان کے اجر سے بڑھ کر نوازے گا۔ ﴿ إِنَّهُ غَفُورٌ شَكُورٌ﴾ ” بے شک وہ بخشنے والا قدر دان ہے۔“ اللہ تعالیٰ ان کے گناہوں کو بخش دے گا اور ان کی تھوڑی سی نیکی کو بھی قبولیت کا شرف بخشے گا۔