سورة سبأ - آیت 54

وَحِيلَ بَيْنَهُمْ وَبَيْنَ مَا يَشْتَهُونَ كَمَا فُعِلَ بِأَشْيَاعِهِم مِّن قَبْلُ ۚ إِنَّهُمْ كَانُوا فِي شَكٍّ مُّرِيبٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور ان کے درمیان اور ان چیزوں کے درمیان جن کی وہ خواہش کریں گے، رکاوٹ ڈال دی جائے گی، جیسا کہ اس سے پہلے ان جیسے لوگوں کے ساتھ کیا گیا۔ یقیناً وہ ایسے شک میں پڑے ہوئے تھے جو بے چین رکھنے والا تھا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَحِيلَ بَيْنَهُمْ وَبَيْنَ مَا يَشْتَهُونَ﴾ یعنی ان کے درمیان اور ان کی لذات و شہوات، مال و اولاد، ان کی فوجوں اور خدام و حشم کے درمیان رکاوٹیں حائل کردی جائیں گی۔ وہ اکیلے اکیلے اپنے اعمال کے ساتھ اسی طرح حاضر ہوں گے جس طرح انہیں اکیلے پیدا کیا گیا تھا اور جن چیزوں کے وہ مالک تھے انہیں اپنے پیچھے چھوڑ آئیں گے۔ ﴿كَمَا فُعِلَ بِأَشْيَاعِهِم﴾ ” جیسے ان جیسوں کے ساتھ کیا گیا تھا“ گزشتہ قوموں میں سے۔ جب ان پر ہلاکت خیز عذاب نازل ہوا تو ان کے اور ان کی دل پسند چیزوں کے درمیان رکاوٹیں حائل کردی گئیں۔ ﴿إِنَّهُمْ كَانُوا فِي شَكٍّ مُّرِيبٍ﴾ ” بے شک وہ بھی الجھن میں ڈالنے والے شک میں پڑے ہوئے تھے۔“ جو انہیں بدگمانی اور دلی قلق میں مبتلا کرتا تھا، اس لئے وہ ایمان نہ لائے اور جب ان سے توبہ کے لئے کہا گیا تو انہوں نے توبہ نہ کی۔