سورة النور - آیت 23

إِنَّ الَّذِينَ يَرْمُونَ الْمُحْصَنَاتِ الْغَافِلَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ لُعِنُوا فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

بے شک وہ لوگ جو پاک دامن، بے خبر مومن عورتوں پر تہمت لگاتے ہیں وہ دنیا اور آخرت میں لعنت کیے گئے اور ان کے لیے بہت بڑا عذاب ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

پھر اللہ تعالیٰ نے عفت مآب عورتوں پر بہتان لگانے والوں کو سخت وعید سناتے ہوئے فرمایا : ﴿ إِنَّ الَّذِينَ يَرْمُونَ الْمُحْصَنَاتِ ﴾ ” وہ لوگ جو تہمت لگاتے ہیں پاک دامن عورتوں پر۔“ یعنی فسق وفجور سے پاک عورتیں ﴿ الْغَافِلَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ ﴾ ’’بے خبر، مومن عورتوں پر۔“ یعنی جن کے دلوں میں کبھی بدکاری کا خیال بھی نہیں گزرا ﴿ لُعِنُوا فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ﴾ ” ان پر دنیا و آخرت میں لعنت ہے۔“ اور لعنت صرف کسی بڑے گناہ پر کی جاتی ہے اور لعنت کو موکد اس طرح کیا گیا ہے کہ اس کا دنیا و آخرت میں ان کو مود قرار دیا گیا ہے ﴿ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ ﴾ ” اور ان کے لیے عذاب عظیم ہے۔“ یہ عذاب عظیم اس لعنت پر مستزاد ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو اپنی رحمت سے دور کیا اور ان پر اپنا غضب نازل فرمایا۔