سورة الحج - آیت 56

الْمُلْكُ يَوْمَئِذٍ لِّلَّهِ يَحْكُمُ بَيْنَهُمْ ۚ فَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ فِي جَنَّاتِ النَّعِيمِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

تمام بادشاہی اس دن اللہ کی ہوگی، وہ ان کے درمیان فیصلہ کرے گا، پھر وہ لوگ جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک اعمال کیے، وہ نعمت کے باغوں میں ہوں گے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ الْمُلْكُ يَوْمَئِذٍ ﴾ ” بادشاہی اس دن۔“ یعنی قیامت کے روز ﴿ لِّلَّـهِ ﴾ ” صرف اللہ تعالیٰ کی ہوگی۔“ اور اس کے سوا کسی اور کا کوئی اقتدار و اختیار نہ ہوگا۔ ﴿ يَحْكُمُ بَيْنَهُمْ ﴾ وہ ان کے درمیان عدل و انصاف سے فیصلہ کرے گا۔ ﴿ فَالَّذِينَ آمَنُوا ﴾ پس وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ، اس کے رسول اور جو کچھ رسول لے کر آئے، اس پر ایمان لائے ﴿ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ ﴾ اور نیک عمل کئے تاکہ ان کے ذریعے سے اپنے ایمان کی سچائی کا ثبوت بہم پہنچائیں ﴿ فِي جَنَّاتِ النَّعِيمِ﴾ ” نعمت والے باغوں میں ہوں گے۔“ یعنی انہیں قلب و روح اور بدن کی ایسی نعمت حاصل ہوگی جسے کوئی بیان کرنے والا بیان کرسکتا ہے نہ عقل اس کا ادراک کرسکتی ہے۔