سورة الأنبياء - آیت 81

وَلِسُلَيْمَانَ الرِّيحَ عَاصِفَةً تَجْرِي بِأَمْرِهِ إِلَى الْأَرْضِ الَّتِي بَارَكْنَا فِيهَا ۚ وَكُنَّا بِكُلِّ شَيْءٍ عَالِمِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور سلیمان کے لیے ہوا (مسخر کردی) جو تیز چلنے والی تھی، اس کے حکم سے اس زمین کی طرف چلتی تھی جس میں ہم نے برکت رکھی اور ہم ہر چیز کو جاننے والے تھے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَلِسُلَيْمَانَ الرِّيحَ ﴾ یعنی ہم نے سلیمان علیہ السلام کے لئے ہوا کو مسخر کردیا ﴿ عَاصِفَةً ﴾ جو بہت تیز چلتی تھی ﴿ تَجْرِي بِأَمْرِهِ ﴾ جہاں چلنے کا اس کو حکم دیا جاتا تھا ہوا اس حکم کی اطاعت کرتی تھی۔ صبح کے وقت اس کا چلناایک مہینے کی منزل تک تھا اور شام کے وقت اس کا چلنا ایک مہینے کی منزل تک تھا۔ ﴿ إِلَى الْأَرْضِ الَّتِي بَارَكْنَا فِيهَا ﴾ ” اس زمین کی طرف، جس میں ہم نے برکت رکھی تھی۔“ یعنی سرزمین شام، جو سلیمان علیہ السلام کا مستقر تھا، وہ ہوا کے دوش پر مشرق و مغرب میں سفر کرتے تھے، اور ہوا کا ٹھکانا اور لوٹنا ارض مقدس کی طرف ہوتا تھا۔ ﴿ وَكُنَّا بِكُلِّ شَيْءٍ عَالِمِينَ ﴾ ہمارا علم، تمام چیزوں کا احاطہ کئے ہوئے ہے ہم نے داؤد اور سلیمان (علیہما السلام) کو ان امور کی تعلیم دی جن کے ذریعے سے ہم نے ان کو اس مقام پر پہنچایا جس کا ہم ذکر کرچکے ہیں۔