قُلِ ادْعُوا اللَّهَ أَوِ ادْعُوا الرَّحْمَٰنَ ۖ أَيًّا مَّا تَدْعُوا فَلَهُ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَىٰ ۚ وَلَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَلَا تُخَافِتْ بِهَا وَابْتَغِ بَيْنَ ذَٰلِكَ سَبِيلًا
کہہ دے اللہ کو پکارو، یا رحمان کو پکارو، تم جس کو بھی پکارو گے سو یہ بہترین نام اسی کے ہیں اور اپنی نماز نہ بلند آواز سے پڑھ اور نہ اسے پست کر اور اس کے درمیان کوئی راستہ اختیار کر۔
اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے بندوں سے فرماتا ہے : ﴿ ادْعُوا اللّٰـهَ أَوِ ادْعُوا الرَّحْمَـٰنَ﴾ ” تم پکارو اللہ کو یا پکارو رحمٰن کو“ یعنی ان دونوں ناموں میں سے چاہے جس نام سے پکارو ﴿أَيًّا مَّا تَدْعُوا فَلَهُ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَىٰ ﴾ ” جو کہہ کر پکارو گے، پس اسی کے ہیں سب نام اچھے“ یعنی اس کا کوئی اسم مبارک ایسا نہیں جو اچھا نہ ہو اور اس کو اس نام سے پکارنے سے روکا گیا ہو۔ تم جس نام سے بھی اسے پکارو گے اس سے مقصد حاصل ہوجائے گا۔ مگر مناسب یہی ہے کہ اسے ہر مطلوب کی مناسبت سے، مطلوب کے مطابق نام سے پکارا جائے۔ ﴿وَلَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ﴾ ” اور پکار کر نہ پڑھیں اپنی نماز“ یعنی بہت بلند آواز سے قراءت نہ کیجیے ﴿وَلَا تُخَافِتْ بِهَا﴾ ” اور نہ چپکے سے پڑھیں“ یعنی ان دونوں امور سے بچا جانا چاہیے۔ زیادہ بلند آواز میں قراءت سے اس لیے روکا گیا ہے کہ مشرکین قرآن مجید سن کر برا بھلا کہیں گے اور قرآن لانے والے کو سب و شتم کا نشانہ بنائیں گے اور بہت نیچی آواز میں قرآن پڑھنے سے اس شخص کا مقصد پورا نہ ہوسکے گا جو دھیمی آواز میں قرآن سننا چاہتا ہے۔ ﴿وَابْتَغِ بَيْنَ ذَٰلِكَ سَبِيلًا﴾ ” اور ڈھونڈ لیں اس کے درمیان راستہ“ یعنی بہت زیادہ بلند آواز اور بہت زیادہ پست آواز کے بین بین اور ان دونوں کے درمیان متوسط راہ اختیار کیجیے۔