سورة النحل - آیت 5

وَالْأَنْعَامَ خَلَقَهَا ۗ لَكُمْ فِيهَا دِفْءٌ وَمَنَافِعُ وَمِنْهَا تَأْكُلُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور چوپائے، اس نے انھیں پیدا کیا، تمھارے لیے ان میں گرمی حاصل کرنے کا سامان اور بہت سے فائدے ہیں اور انھی سے تم کھاتے ہو۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَالْأَنْعَامَ خَلَقَهَا ۗ لَكُمْ ﴾ ” اور چوپایوں کو بھی اس نے تمہارے لئے پیدا کیا۔“ یعنی اللہ تعالیٰ نے چوپایوں کو تمہاری خاطر، تمہارے فوائد اور مصالح کی خاطر تخلیق فرمایا۔ ان کے جملہ بڑے بڑے فوائد میں سے ایک فائدہ یہ ہے ﴿لَكُمْ فِيهَا دِفْءٌ﴾ ” ان میں تمہارے لئے گرمی ہے“ جو تم ان کی صوف، ان کی پشم، ان کے بالوں سے لباس، بچھونے اور خیمے بنا کر حاصل کرتے ہو۔ ﴿وَمَنَافِعُ﴾ اس کے علاوہ تمہارے لئے دیگر فوائد ہیں ﴿وَمِنْهَا تَأْكُلُونَ﴾ ” اور ان (جانوروں) میں سے بعض کو تم کھاتے ہو۔“