سورة ھود - آیت 2

أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا اللَّهَ ۚ إِنَّنِي لَكُم مِّنْهُ نَذِيرٌ وَبَشِيرٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

یہ کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو، بے شک میں تمھارے لیے اس کی طرف سے ایک ڈرانے والا اور خوش خبری دینے والا ہوں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس عظیم کتاب کو محض اس مقصد کے لئے نازل فرمایا ﴿أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا اللَّـهَ﴾ ” کہ عبادت صرف اللہ کی کرو“ یعنی دین کو تمام تر اللہ تعالیٰ کے خالص کرنے کے لئے نازل فرمایا نیز یہ کہ اس کے ساتھ اس کی مخلوق میں سے کسی کو اس کا شریک نہ بنایا جائے۔ ﴿ إِنَّنِي  لَكُم﴾ ” بے شک میں تمہارے لئے“ ﴿مِّنْهُ ﴾ ” اس کی طرف سے“ یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ﴿نَذِيرٌ ﴾ ” ڈر سنانے والا“ یعنی اس شخص کو دنیا و آخرت کے عذاب سے ڈرانے والا ہوں جو گناہوں کے ارتکاب کی جسارت کرتا ہے۔ ﴿وَبَشِيرٌ ﴾ ” اور خوشخبری دینے والا۔“ یعنی اطاعت گزار بندوں کو دنیا و آخرت کے ثواب کی خوشخبری سناتا ہوں۔