لَمْ يَكُنِ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ وَالْمُشْرِكِينَ مُنفَكِّينَ حَتَّىٰ تَأْتِيَهُمُ الْبَيِّنَةُ
وہ لوگ جنھوں نے اہل کتاب اور مشرکین میں سے کفر کیا، باز آنے والے نہ تھے، یہاں تک کہ ان کے پاس کھلی دلیل آئے۔
سات قرأت اور قرآن حکیم اہل کتاب سے مراد یہود و نصاریٰ ہیں اور مشرکین سے مراد بت پوجنے والے عرب اور آتش پرست عجمی ہیں ۔ فرماتا ہے یہ لوگ بغیر دلیل حاصل کیے باز رہنے والے نہ تھے ، پھر بتایا کہ وہ دلیل اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں جو پاک صحیفے یعنی قرآن کریم پڑھ سناتے ہیں ۔ جو اعلیٰ فرشتوں نے پاک اوراق میں لکھا ہوا ہے ۔ جیسے اور جگہ ہے «فِی صُحُفٍ مُکَرَّمَۃٍ» * «مَرْفُوعَۃٍ مُطَہَّرَۃٍ» * «بِأَیْدِی سَفَرَۃٍ» * «کِرَامٍ بَرَرَۃٍ» ۱؎ (80-عبس:13-16) الخ یعنی ’ وہ نامی گرامی بلند و بالا ، پاک صاف اوراق میں پاک باز نیکوکار بزرگ فرشتوں کے ہاتھوں لکھے ہوئے ہیں ‘ ۔ پھر فرماتا ہے «فِیہَا کُتُبٌ قَیِّمَۃٌ» ’ ان پاک صحیفوں میں اللہ کی لکھی ہوئی باتیں عدل و استقامت والی موجود ہیں ‘ ۔ جن کے اللہ کی جانب سے ہونے میں کوئی شک و شبہ نہیں ، نہ ان میں کوئی خطا اور غلطی ہوئی ہے ۔ قتادہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں «رَسُولٌ مِنَ اللہِ یَتْلُو صُحُفًا مُطَہَّرَۃً» کہ وہ رسول [ صلی اللہ علیہ وسلم ] عمدگی کے ساتھ قرآنی وعظ کہتے ہیں اور اس کی اچھی تعریفیں بیان کرتے ہیں ۔ ابن زید فرماتے ہیں «فِیہَا کُتُبٌ قَیِّمَۃٌ» ان صحیفوں میں کتابیں ہیں ، استقامت اور عدل و انصاف والی ۔ پھر فرمایا «وَمَا تَفَرَّقَ الَّذِینَ أُوتُوا الْکِتَابَ إِلَّا مِنْ بَعْدِ مَا جَاءَتْہُمُ الْبَیِّنَۃُ» ۱؎ (98-البینۃ:4) یعنی ’ اگلی کتابوں والے اللہ کی حجتیں قائم ہو چکنے اور دلیلیں پانے کے بعد اللہ کے کلام کے مطالب میں اختلاف کرنے لگے اور جدا جدا راہوں میں بٹ گئے ‘ ۔ جیسے کہ آیت میں ہے «وَلَا تَکُونُوا کَالَّذِینَ تَفَرَّقُوا وَاخْتَلَفُوا مِنْ بَعْدِ مَا جَاءَہُمُ الْبَیِّنَاتُ وَأُولٰئِکَ لَہُمْ عَذَابٌ عَظِیمٌ» ۱؎ (3-آل عمران:105) یعنی ’ تم ان لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جنہوں نے اپنے پاس روشن دلیلیں آ جانے کے بعد بھی تفرقہ ڈلا ، اور اختلاف کیا ، انہیں لوگوں کے لیے بڑا عذاب ہے ‘ ۔ جیسے کہ اس حدیث میں ہے جو مختلف طریقوں سے مروی ہے کہ { یہودیوں کے اکہتر فرقے ہو گئے اور نصرانیوں کے بہتر اور اس امت کے تہتر فرقے ہو جائیں گے ، ایک کے سب جہنم میں جائیں گے ، لوگوں نے پوچھا : وہ ایک کون ہے ؟ فرمایا : ” وہ جو اس پر ہو جس پر میں اور میرے اصحاب ہیں “ } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:2641،قال الشیخ الألبانی:حسن) پھر فرمایا : «وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِیَعْبُدُوا اللہَ مُخْلِصِینَ لَہُ الدِّینَ» ۱؎ (98-البینۃ:5) الخ یعنی ’ انہیں صرف اتنا ہی حکم تھا کہ خلوص اور اخلاص کے ساتھ صرف اپنے سچے معبود کی عبادت میں لگے رہیں ‘ ۔ جیسے اور جگہ فرمایا «وَمَا أَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِکَ مِنْ رَسُولٍ إِلَّا نُوحِی إِلَیْہِ أَنَّہُ لَا إِلٰہَ إِلَّا أَنَا فَاعْبُدُونِ» ۱؎ (21-الأنبیاء:25) یعنی ’ تجھ سے پہلے بھی ہم نے جتنے رسول بھیجے سب کی طرف یہی وحی کی کہ میرے سوا کوئی معبود برحق نہیں تم سب صرف میری ہی عبادت کرتے رہو ‘ ، اسی لیے یہاں بھی فرمایا کہ یکسو ہو کر یعنی شرک سے دور اور توحید میں مشغول ہو کر ۔ جیسے اور جگہ ہے «وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِی کُلِّ أُمَّۃٍ رَسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللہَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ» ۱؎ (16-النحل:36) الخ یعنی ’ ہم نے ہر امت میں رسول بھیجا کہ اللہ کی عبادت کرو اور اللہ کے سوا دوسروں کی عبادت سے بچو ‘ ۔ «حنیف» کی پوری تفسیر سورۃ الانعام میں گزر چکی ہے جسے لوٹانے کی اب ضرورت نہیں ۔ پھر فرمایا «وَیُقِیمُوا الصَّلَاۃَ» ’ نمازوں کو قائم کریں ‘ ، جو کہ بدن کی تمام عبادتوں میں سب سے اعلیٰ عبادت ہے ، «وَیُؤْتُوا الزَّکَاۃَ» ‘ اور زکوٰۃ دیتے رہیں ‘ یعنی فقیروں اور محتاجوں کے ساتھ سلوک کرتے رہیں ، «وَذَلِکَ دِینُ الْقَیِّمَۃِ» ‘ یہی دین مضبوط ، سیدھا ، درست ، عدل والا اور عمدگی والا ہے ‘ ۔ بہت سے ائمہ کرام نے جیسے امام زہری ، امام شافعی رحمہ اللہ علیہم نے اس آیت سے اس امر پر استدلال کیا ہے کہ اعمال ایمان میں داخل ہیں کیونکہ ان آیتوں میں اللہ تعالیٰ کی خلوص اور یکسوئی کے ساتھ کی عبادت اور نماز و زکوٰۃ کو دین فرمایا گیا ہے ۔