وَإِذَا قُرِئَ عَلَيْهِمُ الْقُرْآنُ لَا يَسْجُدُونَ ۩
اور جب ان کے سامنے قرآن پڑھا جاتا ہے تو وہ سجدہ نہیں کرتے۔
1 پھر فرمایا کہ ’ انہیں کیا ہو گیا یہ کیوں نہیں ایمان لاتے ؟ اور انہیں قرآن سن کر سجدے میں گر پڑنے سے کون سی چیز روکتی ہے ، بلکہ یہ کفار تو الٹا جھٹلاتے ہیں اور حق کی مخالفت کرتے ہیں اور سرکشی میں اور برائی میں پھنسے ہوئے ہیں ، اللہ تعالیٰ ان کے دلوں کی باتوں کو جنھیں یہ چھپا رہے ہیں بخوبی جانتا ہے ، تم اے نبی انہیں خبر پہنچا دو کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے عذاب تیار کر رکھے ہیں ۔ ‘ پھر فرمایا کہ ’ ان عذابوں سے محفوط ہونے والے بہترین اجر کے مستحق ایماندار نیک کردار لوگ ہیں ، انہیں پورا پورا بغیر کسی کمی کے حساب اور اجر ملے گا ‘ ، جیسے اور جگہ ہے «عَطَاءً غَیْرَ مَجْذُوْذٍ» ۱؎ (11-ھود:108) یعنی ’ یہ بے انتہا بخشش ہے ‘ بعض لوگوں نے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ بلا احسان لیکن یہ معنی ٹھیک نہیں ہر آن پر لحظہ اور ہر وقت اللہ تعالیٰ عزوجل کے اہل جنت پر احسان و انعام ہوں گے بلکہ صرف اس کے احسان اور اس کے فعل و کرم کی بنا پر انہیں جنت نصیب ہوئی نہ کہ ان کے اعمال کی وجہ سے پس اس مالک کا تو ہمیشہ اور مدام والا احسان اپنی مخلوق پر ہے ہی ، اس کی ذات پاک ہر طرح کی ہر وقت کی تعریفوں کے لائق ہمیشہ ہمیشہ ہے ، اسی لیے اہل جنت پر اللہ کی تسبیح اور اس کی حمد کا الہام اسی طرح کیا جائے جس طرح سانس بلا تکلیف اور بے تکلف بلکہ بے ارادہ چلتا رہتا ہے ۔ قرآن فرماتا ہے «وَآخِرُ دَعْوَاہُمْ أَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ» ۱؎ (10-یونس:10) یعنی ’ ان کا آخری قول یہی ہو گا کہ سب تعریف جہانوں کے پالنے والے اللہ کے لیے ہی ہے ۔ ‘ «الْحَمْدُ لِلّٰہ» سورۃ الانشقاق کی تفسیر ختم ہوئی ۔ اللہ ہمیں توفیق خیر دے اور برائی سے بچائے ، آمین ۔