سورة الحشر - آیت 23

هُوَ اللَّهُ الَّذِي لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ الْمَلِكُ الْقُدُّوسُ السَّلَامُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ الْعَزِيزُ الْجَبَّارُ الْمُتَكَبِّرُ ۚ سُبْحَانَ اللَّهِ عَمَّا يُشْرِكُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہ اللہ ہی ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، بادشاہ ہے، نہایت پاک، سلامتی والا، امن دینے والا، نگہبان، سب پر غالب، اپنی مرضی چلانے والا، بے حد بڑائی والا ہے، پاک ہے اللہ اس سے جو وہ شریک ٹھہراتے ہیں۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اللہ تعالیٰ کی صفات اس مالک رب معبود کے سوا اور کوئی ان اوصاف والا نہیں ، تمام چیزوں کا تنہا وہی مالک و مختار ہے ، ہر چیز کا ہیر پھیر کرنے والا ، سب پر قبضہ اور تصرف رکھنے والا بھی وہی ہے ، کوئی نہیں جو اس کی مزاحمت یا مدافعت کر سکے یا اسے ممانعت کر سکے ، وہ قدوس ہے ، یعنی طاہر ہے ، مبارک ہے ، ذاتی اور صفاتی نقصانات سے پاک ہے ، تمام بلند مرتبہ فرشتے اور سب کی سب اعلیٰ مخلوق اس کی تسبیح و تقدیس میں علی الدوام مشغول ہے ، کل عیبوں اور نقصانوں سے مبرا اور منزہ ہے ، اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں ، اپنے افعال میں بھی اس کی ذات ہر طرح کے نقصان سے پاک ہے ، وہ «مومن» ہے یعنی تمام مخلوق کو اس نے اس بات سے بے خوف رکھا ہے کہ ان پر کسی طرح کا کسی وقت اپنی طرف سے ظلم ہو ، اس نے یہ فرما کر کہ یہ حق ہے سب کو امن دے رکھا ہے ، اپنے ایماندار بندوں کے ایمان کی تصدیق کرتا ہے ۔ وہ «المہیمن» ہے یعنی اپنی تمام مخلوق کے اعمال کا ہر وقت یکساں طور شاہد ہے اور نگہبان ہے ، جیسے فرمان ہے «وَ اللہُ عَلَیٰ کُلِّ شَیْءٍ شَہِیدٌ» ۱؎ (85-البروج:9) ’ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر شاہد ہے ۔‘ اور فرمان ہے «ثُمَّ اللہُ شَہِیدٌ عَلَیٰ مَا یَفْعَلُونَ» ۱؎ (10-یونس:46) ’ اللہ تعالیٰ ان کے تمام افعال پر گواہ ہے‘ اور جگہ فرمایا «أَفَمَنْ ہُوَ قَائِمٌ عَلَیٰ کُلِّ نَفْسٍ بِمَا کَسَبَتْ» ۱؎ (13-الرعد:33) ، مطلب یہ ہے کہ ’ ہر نفس جو کچھ کر رہا ہے اسے اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے۔ ‘ وہ «عزیز» ہے ہر چیز اس کے تابع فرمان ہے ، کل مخلوق پر وہ غالب ہے پس اس کی عزت عظمت ، جبروت کبریائی کی وجہ سے اس کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا ، وہ «جبار» اور «متکبر» ہے ، جبریت اور کبر صرف اسی کے شایان شان ہے۔ صحیح حدیث میں ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے { عظمت میرا تہبند ہے اور کبریائی میری چادر ہے جو مجھ سے ان دونوں میں سے کسی کو چھیننا چاہے گا میں اسے عذاب کروں گا ۔ } ۱؎ (صحیح مسلم:2660) اپنی مخلوق کو جس چیز پر چاہے وہ رکھ سکتا ہے ، کل کاموں کی اصلاح اسی کے ہاتھ ہے ، وہ ہر برائی سے نفرت اور دوری رکھنے والا ہے ، جو لوگ اپنی کم سمجھی کی وجہ سے دوسروں کو اس کا شریک ٹھہرا رہے ہیں وہ ان سب سے بیزار ہے ، اس کی الوہیت شرکت سے مبرا ہے ، اللہ تعالیٰ خالق ہے یعنی مقدر مقرر کرنے والا ، پھر باری ہے یعنی اسے جاری اور ظاہر کرنے والا ، کوئی ایسا نہیں کہ جو تقدیر اور تنقید دونوں پر قادر ہو ، جو چاہے اندازہ مقرر کرے اور پھر اسی کے مطابق اسے چلائے بھی ، کبھی بھی اس میں فرق نہ آنے دے ، بہت سے ترتیب دینے والے اور اندازہ کرنے والے ہیں ، جو پھر اسے جاری کرنے اور اسی کے مطابق برابر جاری رکھنے پر قادر نہیں ، تقدیر کے ساتھ ایجاد اور تنقید پر بھی قدرت رکھنے والی اللہ کی ہی ذات ہے ، پس «خلق» سے مراد تقدیر اور «برء» سے مراد تنفیذ ہے ۔ عرب میں یہ الفاظ ان معنوں میں برابر بطور مثال کے بھی مروج ہیں ، اسی کی شان ہے کہ جس چیز کو جب جس طرح کرنا چاہے کہہ دیتا ہے کہ ہو جا وہ اسی طرح اسی صورت میں ہو جاتی ہے جیسے فرمان ہے «فِی أَیِّ صُورَۃٍ مَّا شَاءَ رَکَّبَکَ» ۱؎ (82-الإنفطار:8) ’ جس صورت میں اس نے چاہا تجھے ترکیب دی ۔ ‘ اسی لیے یہاں فرماتا ہے وہ مصور بےمثل ہے یعنی جس چیز کی ایجاد جس طرح کی چاہتا ہے کہ گزرتا ہے ۔ پیارے پیارے بہترین اور بزرگ تر ناموں والا وہی ہے ، سورۃ الاعراف میں اس جملہ کی تفسیر گزر چکی ہے ، نیز وہ حدیث بھی بیان ہو چکی ہے جو بخاری مسلم میں بروایت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ مروی ہے کہ { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اللہ تعالیٰ کے ننانوے یعنی ایک کم ایک سو نام ہیں جو انہیں شمار کر لے یاد رکھ لے وہ جنت میں داخل ہو گا وہ وتر ہے یعنی واحد ہے اور اکائی کو دوست رکھتا ہے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:6410) ترمذی میں ان ناموں کی صراحت بھی آئی ہے جو نام یہ ہیں ۔ «ہُوَ اللَّہ الَّذِی لَا إِلَہ إِلَّا ہُوَ الرَّحْمَن الرَّحِیم الْمَلِک الْقُدٰوس السَّلَام الْمُؤْمِن الْمُہَیْمِن الْعَزِیز الْجَبَّار الْمُتَکَبِّر الْخَالِق الْبَارِئ الْمُصَوِّر الْغَفَّار الْقَہَّار الْوَہَّاب الرَّزَّاق الْفَتَّاح الْعَلِیم الْقَابِض الْبَاسِط الْخَافِض الرَّافِع الْمُعِزّ الْمُذِلّ السَّمِیع الْبَصِیر الْحَکَم الْعَدْل اللَّطِیف الْخَبِیر الْحَلِیم الْعَظِیم الْغَفُور الشَّکُور الْعَلِیّ الْکَبِیر الْحَفِیظ الْمُقِیت الْحَسِیب الْجَلِیل الْکَرِیم الرَّقِیب الْمُجِیب الْوَاسِع الْحَکِیم الْوَدُود الْمَجِید الْبَاعِث الشَّہِید الْحَقّ الْوَکِیل الْقَوِیّ الْمَتِین الْوَلِیّ الْحَمِید الْمُحْصِی الْمُبْدِئ الْمُعِید الْمُحْیِی الْمُمِیت الْحَیّ الْقَیٰوم الْوَاجِد الْمَاجِد الْوَاحِد الصَّمَد الْقَادِر الْمُقْتَدِر الْمُقَدِّم الْمُؤَخِّر الْأَوَّل الْآخِر الظَّاہِر الْبَاطِن الْوَالِی الْمُتَعَالِی الْبَرّ التَّوَّاب الْمُنْتَقِم الْعَفُوّ الرَّءُوف مَالِک الْمُلْک ذُو الْجَلَال وَالْإِکْرَام الْمُقْسِط الْجَامِع الْغَنِیّ الْمُغْنِی الْمُعْطِی الْمَانِع الضَّارّ النَّافِع النٰور الْہَادِی الْبَدِیع الْبَاقِی الْوَارِث الرَّشِید الصَّبُور» ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:3507،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) ابن ماجہ میں بھی یہ حدیث ہے اور اس میں کچھ تقدیم تاخیر کمی زیادتی بھی ہے ، الغرض ان تمام احادیث وغیرہ کا بیان پوری طرح سورۃ الاعراف میں گزر چکا ہے ، اس لیے یہاں صرف اتنا لکھ دینا کافی ہے باقی سب کو دوبارہ وارد کرنے کی ضرورت نہیں ۔ آسمان و زمین کی کل چیزیں اس کی تسبیح بیان کرتی ہیں ۔ جیسے اور جگہ فرمان ہے «تُسَبِّحُ لَہُ السَّمَاوَاتُ السَّبْعُ وَالْأَرْضُ وَمَن فِیہِنَّ وَإِن مِّن شَیْءٍ إِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمْدِہِ وَلٰکِن لَّا تَفْقَہُونَ تَسْبِیحَہُمْ إِنَّہُ کَانَ حَلِیمًا غَفُورًا» (17-الإسراء:44) یعنی ’ اس کی پاکیزگی بیان کرتے ہیں ، ساتوں آسمان اور زمینیں اور ان میں جو مخلوق ہے اور کوئی چیز ایسی نہیں جو اس کی تسبیح حمد کے ساتھ بیان نہ کرتی ہو لیکن تم ان کی تسبیح کو سمجھ نہیں سکتے ، بیشک وہ بردبار اور بخشش کرنے والا ہے ۔‘ وہ عزیز ہے اس کی حکمت والی سرکار اپنے احکام اور تقدیر کے تقدر میں ایسی نہیں کہ کسی طرح کی کمی نکالی جائے یا کوئی اعتراض قائم کیا جا سکے ۔ مسند احمد کی حدیث میں ہے { جو شخص صبح کو تین مرتبہ «أَعُوذ بِاَللَّہِ السَّمِیع الْعَلِیم مِنْ الشَّیْطَان الرَّجِیم» پڑھ کر سورۃ الحشر کے آخر کی [ان] تین آیتوں «ہُوَ اللہُ الَّذِی لَا إِلٰہَ إِلَّا ہُوَ عَالِمُ الْغَیْبِ وَالشَّہَادَۃِ ہُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیمُ ہُوَ اللہُ الَّذِی لَا إِلٰہَ إِلَّا ہُوَ الْمَلِکُ الْقُدٰوسُ السَّلَامُ الْمُؤْمِنُ الْمُہَیْمِنُ الْعَزِیزُ الْجَبَّارُ الْمُتَکَبِّرُ سُبْحَانَ اللہِ عَمَّا یُشْرِکُونَ ہُوَ اللہُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ لَہُ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَیٰ یُسَبِّحُ لَہُ مَا فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَہُوَ الْعَزِیزُ الْحَکِیمُ» (59-الحشر:22-24) کو پڑھ لے اللہ تعالیٰ اس کے لیے ستر ہزار فرشتے مقرر کرتا ہے جو شام تک اس پر رحمت بھیجتے ہیں اور اگر اسی دن اس کا انتقال ہو جائے تو شہادت کا مرتبہ پاتا ہے اور جو شخص ان کی تلاوت شام کے وقت کرے وہ بھی اسی حکم میں ہے ۔ } ترمذی میں بھی یہ حدیث ہے اور امام ترمذی رحمتہ اللہ علیہ اسے غریب بتاتے ہیں ۔ (سنن ترمذی:2922،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) «الْحَمْدُ لِلّٰہ» سورۃ الحشر کی تفسیر ختم ہوئی ۔