وَلَقَدْ أَهْلَكْنَا أَشْيَاعَكُمْ فَهَلْ مِن مُّدَّكِرٍ
اور بلاشبہ یقیناً ہم نے تمھارے جیسی کئی جماعتوں کو ہلاک کر ڈالا، تو کیا ہے کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ؟
1 ہم نے تم جیسوں کو تم سے پہلے ان کی سرکشی کے باعث فنا کے گھاٹ اتار دیا ہے پھر تم کیوں عبرت حاصل نہیں کرتے ؟ ان کے عذاب اور ان کی رسوائی کے واقعات میں کیا تمہارے لیے نصیحت و تذکیر نہیں ؟ جیسے اور آیت میں فرمایا «وَحِیلَ بَیْنَہُمْ وَبَیْنَ مَا یَشْتَہُونَ کَمَا فُعِلَ بِأَشْیَاعِہِم مِّن قَبْلُ إِنَّہُمْ کَانُوا فِی شَکٍّ مٰرِیبٍ» (34-سورۃسبا:54) یعنی ’ ان کے اور ان کی چاہ کے درمیان پردہ ڈال دیا گیا ہے جیسے کہ ہم نے ان جیسے پہلے والوں کے ساتھ کیا تھا ‘ ۔ جو کچھ انہوں نے کیا وہ ان کے نامہ اعمال میں مکتوب ہے جو اللہ کے امین فرشتوں کے ہاتھ میں محفوظ ہے ۔ ان کا ہر چھوٹا بڑا عمل جمع شدہ ہے اور لکھا ہوا ہے ۔ ایک بھی تو ایسا نہیں رہا جو تحریر میں رہ گیا ہو ۔ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” صغیرہ گناہ کو بھی ہلکا نہ سمجھو ، اللہ عزوجل کی طرف سے اس کا بھی مطالبہ پورا ہونے والا ہے “ } ۔ (سنن ابن ماجہ:4242،قال الشیخ الألبانی:صحیح) سلیمان بن مغیرہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں { ایک مرتبہ مجھ سے ایک گناہ سرزد ہو گیا جسے میں نے حقیر سمجھا ، رات کو خواب میں دیکھتا ہوں کہ ایک آنے والا آیا ہے اور مجھ سے کہہ رہا ہے ، اے سلیمان ! «لا تحقرن من الذنوب صغیرا ان الصغیر غدا یعود کبیرا ان الصغیر ولو تقادم عھدہ عند اللہ مسطر تسطیرا فازجر ھواک عندالبطالتہ لا تکن صعب القیاد وشمرن تشمیرا ان للحب اذا احب الھہ طار الفواد والھم التفکیر فاسال ہدایتک الا لہ فتئد فکفی بربک ھادیا ونصیرا» یعنی ” صغیرہ گناہوں کو بھی حقیر اور ناچیز نہ سمجھ ، یہ صغیرہ کل کبیرہ ہو جائیں گے ، گو گناہ چھوٹے چھوٹے ہوں اور انہیں کئے ہوئے بھی عرصہ گزر چکا ہو ۔ اللہ کے پاس وہ صاف صاف لکھے ہوئے موجود ہیں ، بدی سے اپنے نفس کو روکے رکھ اور ایسا نہ ہو جا کہ مشکل سے نیکی کی طرف آئے ، بلکہ اونچا دامن کر کے بھلائی کی طرف لپک ، جب کوئی شخص سچے دل سے اللہ کی محبت کرتا ہے تو اس کا دل اڑنے لگتا ہے اور اسے اللہ کی جانب سے غور و فکر کی عادت الہام ہو جاتی ہے اپنے رب سے ہدایت طلب کر اور نرمی اور ملائمت کر ، ہدایت اور نصرت کرنے والا رب تجھے کافی ہو گا “ ۔ پھر ارشاد ہوتا ہے کہ ان بدکاروں کے خلاف نیک کار لوگوں کی حالت ہو گی وہ تو ضلالت و تکلیف میں تھے اور اوندھے منہ جہنم کی طرف گھسیٹے گئے اور سخت ڈانٹ ڈپٹ ہوئی ، لیکن یہ نیک کار جنتوں میں ہوں گے بہتے ہوئے خوشگوار صاف شفاف چشموں کے مالک ہوں گے اور عزت و کرام ، رضوان و فضیلت ، جود و احسان ، فضل و امتنان ، نعمت و رحمت آسائش و راحت کے مکان میں خوش خوش رہیں گے باری تعالیٰ مالک و قادر کا قرب انہیں نصیب ہو گا ، جو تمام چیزوں کا خالق ہے ، سب کے انداز مقرر کرنے والا ہے ، ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے ، وہ ان پرہیزگار رحم دل لوگوں کی ایک ایک خواہش پوری کرے گا ، ایک ایک چاہت عطا فرمائے گا ۔ مسند احمد میں { رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” عدل و انصاف کرنے والے نیک کردار لوگ اللہ کے پاس نور کے منبروں پر رحمٰن کی دائیں جانب ہوں گے ، اللہ کے دونوں ہاتھ داہنے ہی ہیں ، یہ عادل لوگ وہ ہیں ، جو اپنے احکام میں اپنے اہل و عیال میں اور جو چیز ان کے قبضے میں ہو ، اس میں اللہ تعالٰی کے فرمان کے خلاف نہیں کرتے بلکہ عدل و انصاف سے ہی کام لیتے ہیں “ } ۔ (صحیح مسلم:1827) «الحمداللہ» اللہ تعالیٰ کی توفیق سے سورۃ اقتربت کی تفسیر بھی ختم ہوئی اللہ ہمیں نیک توفیق دے اور برائیوں سے بچائے ۔