سورة ق - آیت 41

وَاسْتَمِعْ يَوْمَ يُنَادِ الْمُنَادِ مِن مَّكَانٍ قَرِيبٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور کان لگا کر سن جس دن پکارنے والا ایک قریب جگہ سے پکارے گا۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

جب ہم سب قبروں سے نکل کھڑے ہوں گے سیدنا کعب احبار رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں اللہ تعالیٰ ایک فرشتے کو حکم دے گا کہ بیت المقدس کے پتھر پر کھڑا ہو کر یہ آواز لگائے کہ اے سڑی گلی ہڈیوں اور اے جسم کے متفرق اجزاؤ ، اللہ تمہیں جمع ہو جانے کا حکم دیتا ہے تاکہ تمہارے درمیان فیصلہ کر دے ، پس مراد اس سے صور ہے ، یہ حق اس شک و شبہ اور اختلاف کو مٹا دے گا جو اس سے پہلے تھا یہ قبروں سے نکل کھڑے ہونے کا دن ہو گا ، ابتداء پیدا کرنا پھر لوٹانا اور تمام خلائق کو ایک جگہ لوٹانا یہ ہمارے ہی بس کی بات ہے ۔ اس وقت ہر ایک کو اس کے عمل کا بدلہ ہم دیں گے تمام بھلائی برائی کا عوض ہر ہر شخص کو پا لے گا زمین پھٹ جائے گی اور سب جلدی جلدی اٹھ کھڑے ہوں گے ۔ اللہ تعالیٰ آسمان سے بارش برسائے گا ، جس سے مخلوقات کے بدن اگنے لگیں گے جس طرح کیچڑ میں پڑا ہوا دانہ بارش سے اگ جاتا ہے ۔ جب جسم کی پوری نشوونما ہو جائے گی تو اللہ تعالیٰ اسرافیل کو صور پھونکنے کا حکم دے گا ۔ تمام روحیں صور کے سوراخ میں ہوں گی ، ان کے صور پھونکتے ہی روحیں آسمان کے درمیان پھرنے لگ جائیں گی ، اس وقت اللہ تعالیٰ فرمائے گا میرے عزت و جلال کی قسم ہر روح اپنے اپنے جسم میں چلی جائے جسے اس نے دنیا میں آباد رکھا تھا ۔ پس ہر روح اپنے اپنے اصلی جسم میں جا ملے گی اور جس طرح زہریلے جانور کا اثر چوپائے کے رگ و ریشہ میں بہت جلد پہنچ جاتا ہے اس طرح اس جسم کے رگ و ریشے میں فوراً روح دوڑ جائے گی اور «مٰہْطِعِینَ إِلَی الدَّاعِ یَقُولُ الْکَافِرُونَ ہٰذَا یَوْمٌ عَسِرٌ» ۱؎ (54-القمر:8) ساری مخلوق اللہ کے فرمان کے ماتحت دوڑتی ہوئی جلد از جلد میدان محشر میں حاضر ہو جائے گی یہ وقت ہو گا جو کافروں پر بہت ہی سخت ہو گا ۔ فرمان باری ہے «یَوْمَ یَدْعُوْکُمْ فَتَسْتَجِیْبُوْنَ بِحَمْدِہٖ وَتَظُنٰوْنَ اِنْ لَّبِثْتُمْ اِلَّا قَلِیْلًا» ۱؎ (17-الإسراء:52) یعنی ’ جس دن وہ تمہیں پکارے گا تم اس کی تعریفیں کرتے ہوئے جواب دو گے اور سمجھتے ہو گے کہ تم بہت ہی کم ٹھہرے ‘۔ صحیح مسلم میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” سب سے پہلے میری قبر کی زمین شق ہو گی “ } ۔ ۱؎ (صحیح مسلم:2278-3) فرماتا ہے کہ یہ دوبارہ کھڑا کرنا ہم پر بہت ہی سہل اور بالکل آسان ہے جیسے اللہ جل جلالہ نے فرمایا «وَمَآ اَمْرُنَآ اِلَّا وَاحِدَۃٌ کَلَمْحٍ بِالْبَصَرِ» ۱؎ (54-القمر:50) ’ یعنی ہمارا حکم اس طرح یکبارگی ہو جائے گا جیسے آنکھ کا جھپکنا ‘ ۔ اور آیت میں ہے «مَا خَلْقُکُمْ وَلَا بَعْثُکُمْ اِلَّا کَنَفْسٍ وَّاحِدَۃٍ اِنَّ اللّٰہَ سَمِیْعٌ بَصِیْرٌ» ۱؎ (31-لقمان:28) ’ یعنی تم سب کا پیدا کرنا اور پھر مارنے کے بعد زندہ کرنا ایسا ہی ہے جیسے اللہ تعالیٰ ایک شخص کو سننے دیکھنے والا ہے ۔ ‘ پھر جناب باری کا ارشاد ہوتا ہے کہ اے نبی ! یہ جو کچھ کہہ رہے ہیں ہمارے علم سے باہر نہیں تو اسے اہمیت نہ دے ہم خود نپٹ لیں گے ۔ جیسے اور جگہ ہے «وَلَقَدْ نَعْلَمُ أَنَّکَ یَضِیقُ صَدْرُکَ بِمَا یَقُولُونَ» * «فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَکُن مِّنَ السَّاجِدِینَ» * «وَاعْبُدْ رَبَّکَ حَتَّی یَأْتِیَکَ الْیَقِینُ» ۱؎ (15-الحجر:99-97) ’ واقعی ہمیں معلوم ہے کہ یہ لوگ جو باتیں بناتے ہیں ، اس سے آپ تنگ دل ہوتے ہیں ، سو اس کا علاج یہ ہے کہ آپ اپنے پروردگار کی پاکی اور تعریف کرتے رہئیے اور نمازوں میں رہئیے اور موت آ جانے تک اپنے رب کی عبادت میں لگے رہئیے ۔ ‘ پھر فرماتا ہے تو انہیں ہدایت پر جبرًا نہیں لا سکتا ، نہ ہم نے تجھے اس کا مکلف بنایا ہے ۔ یہ بھی معنی ہیں کہ ان پر جبر نہ کرو ، لیکن پہلا قول اولیٰ ہے کیونکہ الفاظ میں یہ نہیں کہ تم ان پر جبر نہ کرو بلکہ یہ ہے کہ تم ان پر جبار نہیں ہو یعنی آپ مبلغ ہیں تبلیغ کر کے اپنے فریضے سے سبکدوش ہو جائیے ۔ جبر معنی میں اجبر کے بھی آتا ہے ۔ آپ نصیحت کرتے رہیے جس کے دل میں خوف اللہ ہے جو اس کے عذابوں سے ڈرتا ہے اور اس کی رحمتوں کا امیدوار ہے وہ ضرور اس تبلیغ سے نفع اٹھائے گا اور راہ راست پر آ جائے گا جیسے فرمایا ہے «وَاِنْ مَّا نُرِیَنَّکَ بَعْضَ الَّذِیْ نَعِدُہُمْ اَوْ نَتَوَفَّیَنَّکَ فَاِنَّمَا عَلَیْکَ الْبَلٰغُ وَعَلَیْنَا الْحِسَابُ» ۱؎ (13-الرعد:40) ’ یعنی تجھ پر صرف پہنچا دینا ہے حساب تو ہمارے ذمے ہے ‘ اور آیت میں ہے «فَذَکِّرْ إِنَّمَا أَنتَ مُذَکِّرٌ لَّسْتَ عَلَیْہِم بِمُصَیْطِرٍ» ۱؎ (88-الغاشیۃ:22-21) ’ تو نصیحت کرنے والا ہے کچھ ان پر داروغہ نہیں ‘ ۔ اور جگہ ہے «لَّیْسَ عَلَیْکَ ہُدَاہُمْ وَلَـکِنَّ اللہَ یَہْدِی مَن یَشَآءُ» ۱؎ (2-البقرۃ:272) ’ تمہارے ذمہ ان کی ہدایت نہیں بلکہ اللہ جسے چاہے ہدایت کرتا ہے ‘ اور جگہ ہے «اِنَّکَ لَا تَہْدِیْ مَنْ اَحْبَبْتَ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ یَہْدِیْ مَنْ یَّشَاءُ وَہُوَ اَعْلَمُ بالْمُہْتَدِیْنَ» ۱؎ (28-القصص:56) ’ یعنی تم جسے چاہو ہدایت نہیں دے سکتے بلکہ اللہ جسے چاہے راہ راست پر لا کھڑا کرتا ہے ‘ اسی مضمون کو یہاں بھی بیان فرمایا ہے ۔ قتادہ رحمہ اللہ اس آیت کو سن کر یہ دعا کرتے «اللھم اجعلنا ممن یخاف وعیدک ویرجو موعدک یا بار یا رحیم » یعنی اے اللہ ! تو ہمیں ان میں سے کر جو تیری سزاؤں کے ڈراوے سے ڈرتے ہیں اور تیری نعمتوں کے وعدے کی امید لگائے ہوئے ہیں ، اے بہت زیادہ احسان کرنیوالے اور اے بہت زیادہ رحم کرنے والے ۔ سورۃ ق کی تفسیر ختم ہوئی ۔ «والحمدللہ وحدہ وحسبنا اللہ ونعم الوکیل»