قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِن كَانَ مِنْ عِندِ اللَّهِ وَكَفَرْتُم بِهِ وَشَهِدَ شَاهِدٌ مِّن بَنِي إِسْرَائِيلَ عَلَىٰ مِثْلِهِ فَآمَنَ وَاسْتَكْبَرْتُمْ ۖ إِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ
کہہ دے کیا تم نے دیکھا اگر یہ اللہ کی طرف سے ہوا اور تم نے اس کا انکار کردیا اور بنی اسرائیل میں سے ایک شہادت دینے والے نے اس جیسے (قرآن) کی شہادت دی، پھر وہ ایمان لے آیا اور تم نے تکبر کیا ( تو تمھارا انجام کیا ہوگا) بے شک اللہ ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
تابع قرآن اور جنتیوں کے حالات اللہ تعالیٰ اپنے نبی سے فرماتا ہے کہ ان مشرکین کافرین سے کہو کہ اگر یہ قرآن سچ مچ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے اور پھر بھی تم اس کا انکار کر رہے ہو ، تو بتلاؤ تو تمہارا کیا حال ہو گا ؟ وہ اللہ جس نے مجھے حق کے ساتھ تمہاری طرف یہ پاک کتاب دے کر بھیجا ہے ، وہ تمہیں کیسی کچھ سزائیں کرے گا ؟ ، تم اس کا انکار کرتے ہو ، اسے جھوٹا بتلاتے ہو حالانکہ اس کی سچائی اور صحت کی شہادت وہ کتابیں بھی دے رہی ہیں جو اس سے پہلے وقتاً فوقتاً اگلے انبیأء علیہ السلام پر نازل ہوتی رہیں اور بنی اسرائیل کے جس شخص نے اس کی سچائی کی گواہی دی ، اس نے حقیقت کو پہچان کر اسے مانا اور اس پر ایمان لایا ۔ لیکن تم نے اس کی اتباع سے جی چرایا اور تکبر کیا ۔ یہ بھی مطلب بیان ہو گیا ہے کہ اس شاہد نے اپنے نبی پر اور اس کی کتاب پر یقین کر لیا لیکن تم نے اپنے نبی اور اپنی کتاب کے ساتھ کفر کیا ۔ اللہ تعالیٰ ظالم گروہ کو ہدایت نہیں کرتا ۔ «شَاھِدٌ» کا لفظ ہم جنس ہے اور یہ اپنے معانی کے لحاظ سے سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ وغیرہ سب کو شامل ہے ۔ یہ یاد رہے کہ یہ آیت مکی ہے ۔ سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کے اسلام سے پہلے کی ہے ۔ اسی جیسی آیت یہ بھی ہے «وَإِذَا یُتْلَیٰ عَلَیْہِمْ قَالُوا آمَنَّا بِہِ إِنَّہُ الْحَقٰ مِن رَّبِّنَا إِنَّا کُنَّا مِن قَبْلِہِ مُسْلِمِینَ» (28-القصص:53) یعنی ’ جب ان پر تلاوت کی جاتی ہے تو اقرار کرتے ہیں کہ یہ ہمارے رب کی جانب سے سراسر برحق ہے ہم تو اس سے پہلے ہی مسلمان ہیں ‘ ۔ اور فرمان ہے «قُلْ آمِنُوا بِہِ أَوْ لَا تُؤْمِنُوا إِنَّ الَّذِینَ أُوتُوا الْعِلْمَ مِن قَبْلِہِ إِذَا یُتْلَیٰ عَلَیْہِمْ یَخِرٰونَ لِلْأَذْقَانِ سُجَّدًا وَیَقُولُونَ سُبْحَانَ رَبِّنَا إِن کَانَ وَعْدُ رَبِّنَا لَمَفْعُولًا» (17-الإسراء:108،107) یعنی ’ جن لوگوں کو اس سے پہلے علم عطا فرمایا گیا ہے ان پر جب تلاوت کی جاتی ہے تو وہ بلا پس و پیش سجدے میں گر پڑتے ہیں اور زبان سے کہتے ہیں کہ ہمارا رب پاک ہے ، اس کے وعدے یقناً سچے اور ہو کر رہنے والے ہیں ‘ ۔ مسروق اور شعبی رحمہا اللہ فرماتے ہیں یہاں اس آیت سے مراد سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ نہیں ، اس لئے کہ آیت مکہ میں اترتی ہے اور آپ مدینے کی ہجرت کے بعد اسلام قبول کرتے ہیں ۔ سیدنا سعد رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کسی شخص کے بارے میں جو زندہ ہو اور زمین پر چل پھر رہا ہو ، میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی اس کا جنتی ہونا نہیں سنا ، بجز سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کے ، انہی کے بارے میں «قُلْ أَرَأَیْتُمْ إِن کَانَ مِنْ عِندِ اللہِ وَکَفَرْتُم بِہِ وَشَہِدَ شَاہِدٌ مِّن بَنِی إِسْرَائِیلَ عَلَیٰ مِثْلِہِ فَآمَنَ وَاسْتَکْبَرْتُمْ إِنَّ اللہَ لَا یَہْدِی الْقَوْمَ الظَّالِمِینَ» (سورۃالأحقاف46:10) نازل ہوئی ہے ( صحیحین وغیرہ ) سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما اور مجاہد ، ضحاک ، قتادہ ، عکرمہ ، یوسف بن عبداللہ بن سلام ، ہلال بن بشار ، سدی ، ثوری ، مالک بن انس بن زبیر رحمہم اللہ علیہم کا قول ہے کہ اس سے مراد سیدنا ابن سلام رضی اللہ عنہ ہیں ۔ یہ کفار کہا کرتے ہیں کہ اگر قرآن بہتری کی چیز ہوتی ، تو ہم جیسے شریف انسان جو اللہ کے مقبول بندے ہیں ، ان پر بھلا یہ نیچے کے درجے کے لوگ جیسے بلال ، عمار ، صہیب ، خباب رضی اللہ عنہم اور انہی جیسے اور گرے پڑے لونڈی غلام کیسے سبقت کر جاتے ۔ پھر تو اللہ سب سے پہلے ہمیں ہی نوازتا ۔ حالانکہ یہ قول بالبداہت باطل ہے ۔ اللہ تبارک تعالیٰ فرماتا ہے «وَکَذٰلِکَ فَتَنَّا بَعْضَہُم بِبَعْضٍ لِّیَقُولُوا أَہٰؤُلَاءِ مَنَّ اللہُ عَلَیْہِم مِّن بَیْنِنَا أَلَیْسَ اللہُ بِأَعْلَمَ بِالشَّاکِرِینَ» (سورۃالأنعام6:53) یعنی انہیں تعجب معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ کیسے ہدایت پا گئے ؟ اگر یہ چیز بھلی ہوتی تو ہم اس کی طرف لپک کر جاتے ۔ پس یہ خیال ان کا خام تھا لیکن اتنی بات یقینی ہے کہ نیک سمجھ والے ، سلامت روی والے ، ہمیشہ بھلائی کی طرف سبقت کرتے ہیں ۔ اسی لیے اہل سنت والجماعت کا عقیدہ ہے کہ جو قول و فعل صحابہ رضی اللہ عنہم سے ثابت نہ ہو وہ بدعت ہے ، اس لیے کہ اگر اس میں بہتری ہوتی تو وہ پاک جماعت جو کسی چیز میں پیچھے رہنے والی نہ تھی وہ اسے ترک نہ کرتی ۔ چونکہ اپنی بدنصیبی کے باعث یہ گروہ قرآن پر ایمان نہیں لایا اس لیے یہ اپنی خجالت دفع کرنے کو قرآن کی اہانت کرتا ہے اور کہتا ہے کہ تو پرانے لوگوں کی پرانی غلط باتیں ہیں ، یہ کہہ کر وہ قرآن اور قرآن والوں کو طعنہ دیتے ہیں ۔ یعنی وہ تکبر ہے جس کی بابت حدیث میں ہے کہ { تکبر نام ہے حق کو ہٹا دینے اور لوگوں کو حقیر سمجھنے کا } ۔ (صحیح مسلم:91)