سورة غافر - آیت 69

أَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ يُجَادِلُونَ فِي آيَاتِ اللَّهِ أَنَّىٰ يُصْرَفُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

کیا تو نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو اللہ کی آیات کے بارے میں جھگڑتے ہیں، کہاں پھیرے جا رہے ہیں۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

کفار کو عذاب جہنم اور طوق و سلاسل کی وعید اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کیا تمہیں ان لوگوں پر تعجب نہیں ہوتا جو اللہ کی باتوں کو جھٹلاتے ہیں اور اپنے باطل کے سہارے حق سے اَڑتے ہیں ؟ تم نہیں دیکھ رہے کہ کس طرح ان کی عقلیں ماری گئی ہیں ؟ اور بھلائی کو چھوڑ برائی کو کیسے بری طرح چمٹ گئے ہیں ؟ پھر ان بدکردار کفار کو ڈرا رہا ہے کہ ہدایت و بھلائی کو جھوٹ جاننے والے کلام اللہ اور کلام رسول کے منکر اپنا انجام ابھی دیکھ لیں گے ۔ جیسے فرمایا «وَیْلٌ یَوْمَئِذٍ لِّلْمُکَذِّبِینَ» ( 77-المرسلات : 15 ) جھٹلانے والوں کیلئے ہلاکت ہے ، جبکہ گردنوں میں طوق اور زنجیریں پڑی ہوئی ہوں گی اور داروغہ جہنم گھسیٹے گھسیٹے پھر رہے ہوں گے ۔ کبھی حمیم میں اور کبھی حجیم میں ۔ گرم کھولتے ہوئے پانی میں سے گھسیٹے جائیں گے ۔ اور آگِ جہنم میں جھلسائے جائیں گے ۔ جیسے اور جگہ ہے«ہٰذِہِ جَہَنَّمُ الَّتِی یُکَذِّبُ بِہَا الْمُجْرِمُونَ یَطُوفُونَ بَیْنَہَا وَبَیْنَ حَمِیمٍ آنٍ » ( 55-الرحمن : 43 ، 44 ) ۔ یہ ہے وہ جہنم جسے گنہگار لوگ جھوٹا جانا کرتے تھے ۔ اب یہ اس کے اور آگ جیسے گرم پانی کے درمیان مارے مارے پریشان پھرا کریں ۔ اور آیتوں میں ان کا زقوم کھانا اور گرم پانی پینا بیان فرما کر فرمایا «ثُمَّ اِنَّ مَرْجِعَہُمْ لَا۟اِلَی الْجَحِیْمِ» ( 37- الصافات : 68 ) کہ پھر ان کی بازگشت تو جہنم ہی کیطرف ہے ۔ سورۃ الواقعہ میں اصحاب شمال کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا «وَأَصْحَابُ الشِّمَالِ مَا أَصْحَابُ الشِّمَالِ فِی سَمُومٍ وَحَمِیمٍ وَظِلٍّ مِّن یَحْمُومٍ لَّا بَارِدٍ وَلَا کَرِیمٍ» ( 56-سورۃ الواقعۃ : 41-44 ) بائیں ہاتھ والے کس قدر برے ہیں ؟ وہ آگ میں ہیں اور گرم پانی میں اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں جو نہ ٹھنڈا ہے نہ سود مند ، آگے چل کر فرمایا ، «ثُمَّ إِنَّکُمْ أَیٰہَا الضَّالٰونَ الْمُکَذِّبُونَ لَآکِلُونَ مِن شَجَرٍ مِّن زَقٰومٍ فَمَالِئُونَ مِنْہَا الْبُطُونَ فَشَارِبُونَ عَلَیْہِ مِنَ الْحَمِیمِ فَشَارِبُونَ شُرْبَ الْہِیمِ ہٰذَا نُزُلُہُمْ یَوْمَ الدِّینِ» ( 56-سورۃ الواقعۃ : 51-56 ) اے بہکے ہوئے جھٹلانے والو البتہ سینڈ کا درخت کھاؤ گے اسی سے اپنے پیٹ بھرو گے ۔ پھر اس پر جلتا پانی پیو گے اور اس طرح جس طرح تونس والا اونٹ پیتا ہے ۔ آج انصاف کے دن ان کی مہمانی یہی ہو گی ۔ اور جگہ فرمایا ہے «إِنَّ شَجَرَتَ الزَّقٰومِ طَعَامُ الْأَثِیمِ کَالْمُہْلِ یَغْلِی فِی الْبُطُونِ کَغَلْیِ الْحَمِیمِ خُذُوہُ فَاعْتِلُوہُ إِلَیٰ سَوَاءِ الْجَحِیمِ ثُمَّ صُبٰوا فَوْقَ رَأْسِہِ مِنْ عَذَابِ الْحَمِیمِ ذُقْ إِنَّکَ أَنتَ الْعَزِیزُ الْکَرِیمُ إِنَّ ہٰذَا مَا کُنتُم بِہِ تَمْتَرُونَ» ( 44- الدخان : 43-50 ) ، یعنی یقیناً گنہگاروں کا کھانا زقوم کا درخت ہے جو مثل پگھلے ہوئے تابنے کے ہے جو پیٹوں میں کھولتا رہتا ہے ۔ جیسے تیز گرم پانی ۔ اسے پکڑو اور دھکیلتے ہوئے بیچوں بیچ جہنم میں پہنچاؤ پھر اس کے سر پر تیز گرم جلتے جلتے پانی کا عذاب بہاؤ ، لے چکھ تو بڑا ہی ذی عزت اور بڑی ہی تعظیم تکریم والا شخص تھا ۔ جس سے تم شک شبہ میں تھے ۔ مقصد یہ ہے کہ ایک طرف سے تو وہ یہ دکھ سہہ رہے ہوں گے جن کا بیان ہوا اور دوسری جانب سے انہیں ذلیل و خوار و رو سیاہ ناہنجار کرنے کیلئے بطور استہزاء اور تمسخر کے بطور ڈانٹ اور ڈپٹ کے بطور حقارت اور ذلت کے ان سے یہ کہا جائے گا جس کا ذکر ہوا ۔ ابن ابی حاتم کی ایک غریب مرفوع حدیث میں ہے کہ ایک جانب سے سیاہ ابر اٹھے گا جسے جہنمی دیکھیں گے اور ان سے پوچھا جائے گا کہ تم کیا چاہتے ہو ؟ وہ ابر کو دیکھتے ہوئے دنیا کے انداز پر کہیں گے کہ یہ چاہتے ہیں کہ یہ برسے وہیں اس میں سے طوق اور زنجیریں اور آگ کے انگارے برسنے لگیں گے جس کے شعلے انہیں جلائیں جھلسائیں گے اور وہ طوق و سلاسل ان کے طوق و سلاسل کے ساتھ اضافہ کر دیئے جائیں گے ۔ [ مجمع الزوائد:(18598)ضعیف] پھر ان سے کہا جائے گا کہ کیوں جی دنیا میں اللہ عزوجل کے سوا جن جن کو پوجتے رہے وہ سب آج کہاں ہیں ؟ کیوں وہ تمہاری مدد کو نہیں آئے ؟ کیوں تمہیں یوں کسمپرسی کی حالت میں چھوڑ دیا ؟ تو وہ جواب دیں گے کہ ہاں وہ تو سب آج ناپید ہو گئے وہ تھے ہی بےسود ۔ پھر انہیں کچھ خیال آئے گا اور کہیں گے نہیں نہیں ہم نے تو ان کی عبادت کبھی نہیں کی ۔ جیسے اور آیت میں ہے کہ جب ان کے بنائے کچھ نہ بنے گی تو صاف انکار کر دیں گے اور جھوٹ بول دیں گے کہ «وَاللّٰہِ رَبِّنَا مَا کُنَّا مُشْرِکِیْنَ» ( 6- الانعام : 23 ) اللہ ہمیں تیری قسم ہم مشرک نہ تھے ۔ یہ کفار اسی طرح بیکاری میں کھوئے رہتے ہیں ، ان سے فرشتے کہیں گے یہ بدلہ ہے اس کا جو دنیا میں بے وجہ گردن اکڑائے اکڑتے پھرتے تھے ۔ تکبر و جبر پر چست کمر رہتے تھے لو اب آ جاؤ جہنم کے ان دروازوں میں داخل ہو جاؤ اب ہمیشہ یہیں پہ رہنا تم جیسے اترانے والوں کی ہی یہ بدمنزل اور بری جائے قرار ہے ۔ جس قدر تکبر کئے تھے اتنے ہی ذلیل و خوار آج بنو گے ۔ جتنے ہی بلند گئے تھے اتنے ہی ِگرو گے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔