اللَّهُ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ اللَّيْلَ لِتَسْكُنُوا فِيهِ وَالنَّهَارَ مُبْصِرًا ۚ إِنَّ اللَّهَ لَذُو فَضْلٍ عَلَى النَّاسِ وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَشْكُرُونَ
اللہ وہ ہے جس نے تمھارے لیے رات بنائی، تاکہ تم اس میں آرام کرو اور دن کو روشن (بنایا)۔ بے شک اللہ یقیناً لوگوں پر بڑے فضل والا ہے اور لیکن اکثر لوگ شکر نہیں کرتے۔
احسانات و انعامات کا تذکرہ اللہ تعالیٰ احسان بیان فرماتا ہے کہ اس نے رات کو سکون و راحت کی چیز بنائی ۔ اور دن کو روشن چمکیلا تاکہ ہر شخص کو اپنے کام کاج میں ، سفر میں ، طلب معاش میں سہولت ہو ۔ اور دن بھر کا کسل اور تھکان رات کے سکون و آرام سے اتر جائے ۔ مخلوق پر اللہ تعالیٰ بڑے ہی فضل و کرم کرنے والا ہے ۔ لیکن اکثر لوگ رب کی نعمتوں کی ناشکری کرتے ہیں ۔ ان چیزوں کو پیدا کرنے والا اور یہ راحت و آرام کے سامان مہیا کر دینے والا ہی اللہ واحد ہے ۔ جو تمام چیزوں کا خالق ہے ۔ اس کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں ، نہ اس کے سوا اور کوئی مخلوق کی پرورش کرنے والا ہے ۔ پھر تم کیوں اس کے سوا دوسروں کی عبادت کرتے ہو ؟ جو خود مخلوق ہیں ۔ کسی چیز کو انہوں نے پیدا نہیں کیا ۔ بلکہ جن بتوں کی تم پرستش کر رہے ہو وہ تو خود تمہارے اپنے ہاتھوں کے گھڑے ہوئے ہیں ، ان سے پہلے کے مشرکین بھی اسی طرح بہکے اور بیدلیل و حجت، غیر اللہ کی عبادت کرنے لگے ۔ خواہش نفسانی کو سامنے رکھ کر اللہ کے دلائل کی تکذیب کی ۔ اور جہالت کو آگے رکھ کر بہکتے بھٹکتے رہے اللہ تعالیٰ نے زمین کو تمہارے لیے قرار گاہ بنایا ۔ یعنی ٹھہری ہوئی اور فرش کی طرح بچھی ہوئی کہ اس پر تم اپنی زندگی گزارو چلو پھر آؤ جاؤ ۔ پہاڑوں کو اس پر گاڑ کر اسے ٹھہرا دیا کہ اب ہل جل نہیں سکتی ۔ اس نے آسمان کو چھت بنایا جو ہر طرح محفوظ ہے ۔ اسی نے تمہیں بہترین صورتوں میں پیدا کیا ۔ ہر جوڑ ٹھیک ٹھاک اور نظر فریب بنایا ۔ موزوں قامت مناسب اعضاء سڈول بدن خوبصورت چہرہ عطا فرمایا ۔ نفیس اور بہتر چیزیں کھانے پینے کو دیں ۔ پیدا کیا ، بسایا ، اس نے کھلایا پلایا ، اس نے پہنایا اوڑھایا ۔ پس صحیح معنی میں خالق و رازق وہی رب العالمین ہے ۔ جیسے سورۃ البقرہ میں فرمایا«یَا أَیٰہَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّکُمُ الَّذِی خَلَقَکُمْ وَالَّذِینَ مِن قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُونَ » ( 2-البقرہ : 21 ) ، یعنی لوگو اپنے اس رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے اگلوں کو پیدا کیا تاکہ تم بچو ۔ اسی نے تمہارے لیے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا اور آسمان سے بارش نازل فرما کر اس کی وجہ سے زمین سے پھل نکال کر تمہیں روزیاں دیں پس تم ان باتوں کے جاننے کے باوجود اللہ کے شریک اوروں کو نہ بناؤ ۔ یہاں بھی اپنی یہ صفتیں بیان فرما کر ارشاد فرمایا کہ یہی اللہ تمہارا رب ہے ۔ اور سارے جہان کا رب بھی وہی ہے ۔ وہ بابرکت ہے ۔ وہ بلندی پاکیزگی برتری اور بزرگی والا ہے ، وہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا ۔ وہ زندہ ہے جس پر کبھی موت نہیں ۔ وہی اول و آخر ، ظاہر و باطن ہے ۔ اس کا کوئی وصف کسی دوسرے میں نہیں ۔ اس کا نظیر یا برابر کوئی نہیں ۔ تمہیں چاہیئے کہ اس کی توحید کو مانتے ہوئے اس سے دعائیں کرتے رہو ، اور اس کی عبادت میں مشغول رہو ۔ تمام تر تعریفوں کا مالک اللہ رب العالمین ہی ہے ۔ امام ابن جریر رحمہ اللہ فرماتے ہیں اہل علم کی ایک جماعت سے منقول ہے کہ «لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ »پڑھنے والے کو ساتھ ہی« الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ» بھی پڑھنا چاہیئے تاکہ اس آیت پر عمل ہو جائے ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ سے بھی یہ مرودی ہے حضرت سعید بن جبیر رحمہ اللہ فرماتے ہی جب تک « فَادْعُوہُ مُخْلِصِینَ لَہُ الدِّینَ» پڑھے تو «لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ» کہہ لیا کر اور اس کے ساتھ ہی «الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ» پڑھ لیا کر ۔ حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ ہر نماز کے سلام کے بعد « لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ وَحْدَہٗ لاَ شَرِیْک لَہٗ ، لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ ، وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ ، لاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ لاَ اِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ ، وَلاَ نَعْبُدُ إِلاَّ إِیَّاہُ لَہُ النِّعْمَۃ وَلَہُ الْفَضْلُ وَلَہُ الثَّنَاء الْحَسَنُ ، لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ مُخْلِصِیْنَ لَہُ الدِّیْنَ ، وَلَوْ کَرِہَ الْکَافِرُوْنَ» پڑھا کرتے تھے اور فرمایا کرتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی ان کلمات کو ہر نماز کے بعد پڑھا کرتے تھے ۔ (صحیح مسلم:594:صحیح)۔