سورة الحج - آیت 39

أُذِنَ لِلَّذِينَ يُقَاتَلُونَ بِأَنَّهُمْ ظُلِمُوا ۚ وَإِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ نَصْرِهِمْ لَقَدِيرٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

ان لوگوں کو جن سے لڑائی کی جاتی ہے، اجازت دے دی گئی ہے، اس لیے کہ یقیناً ان پر ظلم کیا گیا اور بے شک اللہ ان کی مدد کرنے پر یقیناً پوری طرح قادر ہے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

حکم جہاد صادر ہوا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب رضی اللہ عنہم مدینے سے بھی نکالے جانے لگے اور کفار مکے سے چڑھ دوڑے تب جہاد کی اجازت کی یہ آیت اتری ۔ بہت سے سلف سے منقول ہے کہ جہاد کی یہ پہلی آیت ہے جو قرآن میں اتری ۔ اسی سے بعض بزرگوں نے استدلال کیا ہے کہ یہ سورت مدنی ہے ۔ { جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکے شریف سے ہجرت کی ، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی زبان سے نکلا کہ ” افسوس ان کفار نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو وطن سے نکالا یقیناً یہ تباہ ہوں گے “ ۔ پھر یہ آیت اتری تو صدیق رضی اللہ عنہ نے جان لیا کہ جنگ ہو کر رہے گی } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:3171،قال الشیخ الألبانی:صحیح الاسناد) اور آیت میں ہے «فَإِذَا لَقِیتُمُ الَّذِینَ کَفَرُوا فَضَرْبَ الرِّقَابِ حَتَّیٰ إِذَا أَثْخَنتُمُوہُمْ فَشُدٰوا الْوَثَاقَ فَإِمَّا مَنًّا بَعْدُ وَإِمَّا فِدَاءً حَتَّیٰ تَضَعَ الْحَرْبُ أَوْزَارَہَا ذٰلِکَ وَلَوْ یَشَاءُ اللہُ لَانتَصَرَ مِنْہُمْ وَلٰکِن لِّیَبْلُوَ بَعْضَکُم بِبَعْضٍ وَالَّذِینَ قُتِلُوا فِی سَبِیلِ اللہِ فَلَن یُضِلَّ أَعْمَالَہُمْ سَیَہْدِیہِمْ وَیُصْلِحُ بَالَہُمْ وَیُدْخِلُہُمُ الْجَنَّۃَ عَرَّفَہَا لَہُمْ» ۱؎ (47-محمد:4-6) ’ اللہ اپنے مومن بندوں کی مدد پر قادر ہے ۔ اگر چاہے تو بے لڑے بھڑے انہیں غالب کر دے لیکن وہ آزمانا چاہتا ہے اسی لیے حکم دیا کہ ان کفار کی گردنیں مارو ‘ ۔ الخ ، اور آیت میں ہے فرمایا «قَاتِلُوْہُمْ یُعَذِّبْہُمُ اللّٰہُ بِاَیْدِیْکُمْ وَیُخْزِہِمْ وَیَنْصُرْکُمْ عَلَیْہِمْ وَیَشْفِ صُدُوْرَ قَوْمٍ مٰؤْمِنِیْنَ وَیُذْہِبْ غَیْظَ قُلُوبِہِمْ وَیَتُوبُ اللہُ عَلَیٰ مَن یَشَاءُ وَ اللہُ عَلِیمٌ حَکِیمٌ» ۱؎ (9-التوبہ:15،14) ’ ان سے لڑو اللہ انہیں تمہارے ہاتھوں سزا دے گا اور رسوا کرے اور ان پر تمہیں غالب کرے گا اور مومنوں کے حوصلے نکالنے کا موقع دے گا کہ ان کے کلیجے ٹھنڈے ہو جائیں ساتھ ہی جسے چاہے گا توفیق توبہ دے گا اللہ علم وحکمت والا ہے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تُتْرَکُوْا وَلَمَّا یَعْلَمِ اللّٰہُ الَّذِیْنَ جٰہَدُوْا مِنْکُمْ وَلَمْ یَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ وَلَا رَسُوْلِہٖ وَلَا الْمُؤْمِنِیْنَ وَلِیْجَۃً وَاللّٰہُ خَبِیْرٌ بِمَا تَعْمَلُوْنَ» ۱؎ (9-التوبہ:16) یعنی ’ کیا تم نے یہ سوچ رکھا ہے کہ تم چھوڑ دیئے جاؤ گے حالانکہ اب تک تو وہ کھل کر سامنے نہیں آئے جو مجاہد ہیں ، اللہ ، رسول اور مسلمانوں کے سوا کسی سے دوستی اور یگانگت نہیں کرتے ۔ سمجھ لو کہ اللہ تمہارے اعمال سے باخبر ہے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «حَسِبْتُمْ أَن تَدْخُلُوا الْجَنَّۃَ وَلَمَّا یَعْلَمِ اللہُ الَّذِینَ جَاہَدُوا مِنکُمْ وَیَعْلَمَ الصَّابِرِینَ» ۱؎ (3-آل عمران:142) ’ کیا تم نے یہ گمان کیا ہے کہ تم جنت میں چلے جاؤ گے حالانکہ اب تک مجاہدین اور صابرین دوسروں سے ممتاز نہیں ہوئے ‘ ۔ اور آیت میں فرمایا ہے آیت «وَلَنَبْلُوَنَّکُمْ حَتّٰی نَعْلَمَ الْمُجٰہِدِیْنَ مِنْکُمْ وَالصّٰبِرِیْنَ وَنَبْلُوَا۟ اَخْبَارَکُمْ» ۱؎ (47-محمد:31) ’ ہم تمہیں یقیناً آزمائیں گے یہاں تک کہ تم میں سے غازی اور صبر کرنے والے ہمارے سامنے نمایاں ہو جائیں ‘ ۔ اس بارے میں اور بھی بہت سی آیتیں ہیں ۔ پھر فرمایا ’ اللہ ان کی مدد پر قادر ہے ‘ ۔ اور یہی ہوا بھی کہ اللہ نے اپنے لشکر کو دنیا پر غالب کر دیا ۔ جہاد کو شریعت نے جس وقت مشروع فرمایا وہ وقت بھی اس کے لیے بالکل مناسب اور نہایت ٹھیک تھا ۔