سورة الإسراء - آیت 73

وَإِن كَادُوا لَيَفْتِنُونَكَ عَنِ الَّذِي أَوْحَيْنَا إِلَيْكَ لِتَفْتَرِيَ عَلَيْنَا غَيْرَهُ ۖ وَإِذًا لَّاتَّخَذُوكَ خَلِيلًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور بے شک وہ قریب تھے کہ تجھے اس سے ضرور ہی بہکا دیں جو ہم نے تیری طرف وحی کی، تاکہ تو ہم پر اس کے سوا جھوٹ باندھ دے اور اس وقت وہ ضرور تجھے دلی دوست بنا لیتے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

. مکار و فجار کی چالاکیوں سے اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنے رسول کو بچاتا رہا ، آپ کو معصوم اور ثابت قدم ہی رکھا ، خود ہی آپ کا ولی و ناصر رہا ، اپنی ہی حفاظت اور صیانت میں ہمیشہ آپ کو رکھا ، آپ کی تائید اور نصرت برابر کرتا رہا ، آپ کے دین کو دنیا کے تمام دینوں پر غالب کر دیا ، آپ کے مخالفین کے بلند بانگ ارادوں کو پست کر دیا ، مشرق سے مغرب تک آپ کا کلمہ پھیلا دیا ، اسی کا بیان ان دونوں آیتوں میں ہے ۔ اللہ تعالیٰ آپ پر قیامت تک بےشمار درود و سلام بھیجتا رہے ۔ آمین ۔