وَلَنُسْكِنَنَّكُمُ الْأَرْضَ مِن بَعْدِهِمْ ۚ ذَٰلِكَ لِمَنْ خَافَ مَقَامِي وَخَافَ وَعِيدِ
اور یقیناً ان کے بعد ہم تمھیں اس زمین میں ضرور آباد کریں گے، یہ اس کے لیے ہے جو میرے سامنے کھڑا ہونے سے ڈرا اور میری وعید سے ڈرا۔
1 جیسے فرمان ہے «وَلَقَدْ سَبَقَتْ کَلِمَتُنَا لِعِبَادِنَا الْمُرْسَلِینَ إِنَّہُمْ لَہُمُ الْمَنصُورُونَ وَإِنَّ جُندَنَا لَہُمُ الْغَالِبُونَ» ۱؎ (37-الصافات:171-173) کہ ’ ہمارا کلمہ ہمارے رسولوں کے بارے میں سبقت کر چکا ہے کہ وہی کامیاب ہوں گے اور ہمارا لشکر ہی غالب رہے گا ‘ ۔ اور آیت میں ہے «کَتَبَ اللّٰہُ لَاَغْلِبَنَّ اَنَا وَرُسُلِیْ اِنَّ اللّٰہَ قَوِیٌّ عَزِیْزٌ» ۱؎ (58-المجادلۃ:21) ’ اللہ لکھ چکا ہے کہ میں اور میرے پیغمبر ہی غالب آئیں گے ، اللہ قوت والا اور عزت والا ہے ‘ ۔ اور آیت میں ارشاد ہے کہ «وَلَقَدْ کَتَبْنَا فِی الزَّبُورِ مِن بَعْدِ الذِّکْرِ أَنَّ الْأَرْضَ یَرِثُہَا عِبَادِیَ الصَّالِحُونَ» ۱؎ (21-الأنبیاء:105) ’ ذکر کے بعد زبور میں بھی یہی لکھ چکے ہیں کہ زمین کے وارث میرے نیک بندے [ ہی ] ہوں گے ‘ ۔ موسیٰ علیہ السلام نے بھی اپنی قوم سے یہی فرمایا تھا کہ «قَالَ مُوسَیٰ لِقَوْمِہِ اسْتَعِینُوا بِ اللہِ وَاصْبِرُوا إِنَّ الْأَرْضَ لِلہِ یُورِثُہَا مَن یَشَاءُ مِنْ عِبَادِہِ وَالْعَاقِبَۃُ لِلْمُتَّقِینَ» ۱؎ (7-الأعراف:128) ’ تم اللہ سے مدد طلب کرو ، صبر و برداشت کرو ، زمین اللہ ہی کی ہے ۔ اپنے بندوں میں سے جسے چاہے وارث بنائے انجام کار پرہیزگاروں کا ہی ہے ‘ ۔ اور جگہ ارشاد ہے «وَاَوْرَثْنَا الْقَوْمَ الَّذِیْنَ کَانُوْا یُسْتَضْعَفُوْنَ مَشَارِقَ الْاَرْضِ وَمَغَارِبَہَا الَّتِیْ بٰرَکْنَا فِیْہَا» ۱؎ (7-الأعراف:137) ’ ضعیف اور کمزور لوگوں کو ہم نے زمین کی مشرق و مغرب کا وارث بنا دیا جہاں ہماری برکتیں تھیں بنی اسرائیل کے صبر کی وجہ سے ہمارا ان سے جو بہترین وعدہ تھا وہ پورا ہو گیا ان کے دشمن فرعون اور فرعونی اور ان کی تمام تیاریاں سب یک مشت خاک میں مل گئیں ‘ ۔ نبیوں سے فرما دیا گیا کہ ’ یہ زمین تمہارے قبضے میں آئے گی یہ وعدے ان کے لیے ہیں جو قیامت کے دن میرے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتے رہیں اور میرے ڈراوے اور عذاب سے خوف کھاتے رہیں ‘ ۔ جیسے فرمان باری ہے «فَأَمَّا مَن طَغَیٰ وَآثَرَ الْحَیَاۃَ الدٰنْیَا فَإِنَّ الْجَحِیمَ ہِیَ الْمَأْوَیٰ وَأَمَّا مَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّہِ وَنَہَی النَّفْسَ عَنِ الْہَوَیٰ فَإِنَّ الْجَنَّۃَ ہِیَ الْمَأْوَیٰ» ۱؎ (79-النازعات:41-37) ، یعنی ’ جس نے سرکشی اور دنیوی زندگی کو ترجیح دی اس کا ٹھکانا جہنم ہے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَلِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّہِ جَنَّتَانِ» ۱؎ (55-الرحمن:46) ’ اپنے رب کے سامنے کھڑے ہونے کا خوف جس نے کیا اسے دوہری جنتیں ہیں ‘ ۔ رسولوں نے اپنے رب سے مدد و فتح اور فیصلہ طلب کیا یا یہ کہ ان کی قوم نے اسے طلب کیا جیسے قریش مکہ نے کہا تھا کہ «وَإِذْ قَالُوا اللہُمَّ إِن کَانَ ہٰذَا ہُوَ الْحَقَّ مِنْ عِندِکَ فَأَمْطِرْ عَلَیْنَا حِجَارَۃً مِّنَ السَّمَاءِ أَوِ ائْتِنَا بِعَذَابٍ أَلِیمٍ» ۱؎ (8-الأنفال:32) ’ الٰہی اگر یہ حق ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسا یا اور کوئی درد ناک عذاب ہمیں کر ‘ ۔ اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ادھر سے کفار کا مطالبہ ہوا ادھر سے رسولوں نے بھی اللہ سے دعا کی جیسے بدر والے دن ہوا تھا کہ ایک طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دعا مانگ رہے تھے دوسری جانب سرداران کفر بھی کہہ رہے تھے کہ الٰہی آج سچے کو غالب کر یہی ہوا بھی ۔ مشرکین سے کلام اللہ میں اور جگہ فرمایا گیا ہے کہ «إِن تَسْتَفْتِحُوا فَقَدْ جَاءَکُمُ الْفَتْحُ وَإِن تَنتَہُوا فَہُوَ خَیْرٌ لَّکُمْ» ۱؎ (8-الأنفال:19) ’ تم فتح طلب کیا کرتے تھے لو اب وہ آ گئی اب بھی اگر باز آ جاؤ تو تمہارے حق میں بہتر ہے ‘ الخ ۔ نقصان یافتہ وہ ہیں جو متکبر ہوں اپنے تئیں کچھ گنتے ہوں حق سے عناد رکھتے ہوں قیامت کے روز فرمان ہو گا کہ «أَلْقِیَا فِی جَہَنَّمَ کُلَّ کَفَّارٍ عَنِیدٍ مَّنَّاعٍ لِّلْخَیْرِ مُعْتَدٍ مٰرِیبٍ الَّذِی جَعَلَ مَعَ اللہِ إِلٰہًا آخَرَ فَأَلْقِیَاہُ فِی الْعَذَابِ الشَّدِیدِ» ۱؎ (50-ق:26-24) ’ ہر ایک کافر سر کش اور بھلائی سے روکنے والے کو جہنم میں داخل کرو جو اللہ کے ساتھ دوسروں کی پوجا کرتا تھا اسے سخت عذاب میں لے جاؤ ‘ ۔ حدیث شریف میں ہے کہ { «إِنَّہُ یُؤْتَی بِجَہَنَّمَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ ، فَتُنَادِی الْخَلَائِقَ فَتَقُولُ : إِنِّی وُکِّلْتُ بِکُلِّ جَبَّارٍ عَنِیدٍ» قیامت کے دن جہنم کو لایا جائے گا وہ تمام مخلوق کو ندا کر کے کہے گی کہ میں ہر ایک سر کش ضدی کے لیے مقرر کی گئی ہوں } ۔ (سنن ترمذی:2574 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح) الخ ۔ اس وقت ان بد لوگوں کا کیا ہی برا حال ہو گا جب کہ انبیاء علیہم السلام تک اللہ کے سامنے گڑگڑا رہے ہوں گے ۔ «وَرَاء» یہاں پر معنی «أَمَامُ» سامنے کے ہیں جیسے آیت «وَکَانَ وَرَاءَہُم مَّلِکٌ یَأْخُذُ کُلَّ سَفِینَۃٍ غَصْبًا» ۱؎ (18-الکھف:79) میں ہے ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کی قرأت ہی «وَکَانَ أَمَامَہُمْ مَلِکٌ» ہے ۔ غرض سامنے سے جہنم اس کی تاک میں ہو گی جس میں جا کر پھر نکلنا ناممکن ہو گا قیامت کے دن تک تو صبح شام وہ پیش ہوتی رہی اب وہی ٹھکانا بن گئی پھر وہاں اس کے لیے پانی کے بدلے آگ جیسا پیپ ہے اور حد سے زیادہ ٹھنڈا اور بدبودار وہ پانی ہے جو جہنمیوں کے زخموں سے رستا ہے ۔ جیسے فرما «ہٰذَا فَلْیَذُوقُوہُ حَمِیمٌ وَغَسَّاقٌ وَآخَرُ مِن شَکْلِہِ أَزْوَاجٌ» ۱؎ (38-ص:58،57) پس ایک گرمی میں حد سے گزرا ہوا ایک سردی میں حد سے گزرا ہوا ۔ «صَدِیدٍ» کہتے ہیں پیپ اور خون کو جو دوزخیوں کے گوشت سے اور ان کی کھالوں سے بہا ہوا ہوگا ۔ اسی کو «طِینَۃُ الْخَبَالِ» بھی کہا جاتا ہے ۔ (مسند احمد:460/6:ضعیف) مسند احمد میں ہے کہ { جب اس کے پاس لایا جائے گا تو اسے سخت تکلیف ہو گی منہ کے پاس پہنچتے ہی سارے چہرے کی کھال جھلس کر اس میں گر پڑے گی ۔ ایک گھونٹ لیتے ہی پیٹ کی آنتیں پاخانے کے راستے باہر نکل پڑیں گی } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:2583،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) اللہ کا فرمان ہے کہ «وَسُقُوا مَاءً حَمِیمًا فَقَطَّعَ أَمْعَاءَہُمْ» ۱؎ (47-محمد:15) ’ جنہیں گرم کھولتا ہوا پانی پلایا جائے گا جو ان کی آنتوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَإِن یَسْتَغِیثُوا یُغَاثُوا بِمَاءٍ کَالْمُہْلِ یَشْوِی الْوُجُوہَ بِئْسَ الشَّرَابُ» ۱؎ (18-الکھف:29) ’ ان کی تواضع اس پانی سے کی جائے گی جو تیل کی تلچھٹ جیسا ہو گا جو چہرے بھون دے گا بڑا ہی برا پانی ہے ‘ ۔ جبراً گھونٹ گھونٹ کر کے اتارے گا ، فرشتے لوہے کے گرز مار مار کر پلائیں گے ، بدمزگی ، بدبو ، حرارت ، گرمی کی تیزی یا سردی کی تیزی کی وجہ سے گلے سے اترنا محال ہو گا ۔ بدن میں ، اعضاء میں ، جوڑ جوڑ میں وہ درد اور تکلیف ہو گی کہ موت کا مزہ آئے لیکن موت آنے کی نہیں ۔ رگ رگ پر عذاب ہے لیکن جان نہیں نکلتی ۔ ایک ایک رواں ناقابل برداشت مصیبت میں جکڑا ہوا ہے لیکن روح بدن سے جدا نہیں ہو سکتی ۔ آگے پیچھے دائیں بائیں سے موت آ رہی ہے لیکن آتی نہیں ۔ طرح طرح کے عذاب دوزخ کی آگ گھیرے ہوئے ہے مگر موت بلائے سے بھی نہیں آتی ۔ نہ موت آئے نہ عذاب جائے ۔ ہر سزا ایسی ہے کہ موت کے لیے کافی سے زیادہ ہے لیکن وہاں تو موت کو موت آ گئی ہے تاکہ سزا دوام والی ہوتی رہے ۔ ان تمام باتوں کے ساتھ پھر سخت تر مصیبت ناک الم افزا عذاب اور ہیں ۔ جیسے زقوم کے درخت کے بارے میں فرمایا کہ « إِنَّہَا شَجَرَۃٌ تَخْرُجُ فِی أَصْلِ الْجَحِیمِ طَلْعُہَا کَأَنَّہُ رُءُوسُ الشَّیَاطِینِ فَإِنَّہُمْ لَآکِلُونَ مِنْہَا فَمَالِئُونَ مِنْہَا الْبُطُونَ ثُمَّ إِنَّ لَہُمْ عَلَیْہَا لَشَوْبًا مِنْ حَمِیمٍ ثُمَّ إِنَّ مَرْجِعَہُمْ لَإِلَی الْجَحِیمِ» ۱؎ (37-الصافات:68-64) ’ وہ جہنم کی جڑ سے نکلتا ہے جس کے شگوفے شیطانوں کے سروں جیسے ہیں وہ اسے کھائیں گے اور پیٹ بھر کے کھائیں گے پھر کھولتا ہوا تیز گرم پانی پیٹ میں جا کر اس سے ملے گا پھر ان کا لوٹنا جہنم کی جانب ہے ‘ ۔ الغرض کبھی زقوم کھانے کا کبھی آگ میں جلنے کا کبھی صدید پینے کا عذاب انہیں ہوتا رہے گا ۔ اللہ کی پناہ ۔ فرمان رب عالیشان ہے آیت «ہٰذِہٖ جَہَنَّمُ الَّتِیْ یُکَذِّبُ بِہَا الْمُجْرِمُوْنَ» ۱؎ (55-الرحمن:43) ’ یہی وہ جہنم ہے جسے کافر جھٹلاتے رہے ‘ ۔ آج جہنم کے اور ابلتے ہوئے تیز گرم پانی کے درمیان وہ چکر کھاتے پھریں گے ۔ اور آیت میں ہے کہ «إِنَّ شَجَرَۃَ الزَّقٰومِ طَعَامُ الْأَثِیمِ کَالْمُہْلِ یَغْلِی فِی الْبُطُونِ کَغَلْیِ الْحَمِیمِ خُذُوہُ فَاعْتِلُوہُ إِلَی سَوَاءِ الْجَحِیمِ ثُمَّ صُبٰوا فَوْقَ رَأْسِہِ مِنْ عَذَابِ الْحَمِیمِ ذُقْ إِنَّکَ أَنْتَ الْعَزِیزُ الْکَرِیمُ إِنَّ ہَذَا مَا کُنْتُمْ بِہِ تَمْتَرُونَ» ۱؎ (44-الدخان:43-50) ’ زقوم کا درخت گنہگاروں کی غذا ہے جو پگھلتے ہوئے تانبے جیسا ہوگا ، پیٹ میں جا کر ابلے گا اور ایسے جوش مارے گا جیسے گرم پانی کھول رہا ہو ۔ اسے پکڑو اور اسے بیچ جہنم میں ڈال دو پھر اس کے سر پر گرم پانی کے تریڑے کا عذاب بہاؤ مزہ چکھ تو اپنے خیال میں بڑا عزیز تھا اور اکرام والا تھا یہی جس سے تم ہمیشہ شک شبہ کرتے رہے ‘ ۔ سورۃ الواقعہ میں فرمایا کہ «وَأَصْحَابُ الشِّمَالِ مَا أَصْحَابُ الشِّمَالِ فِی سَمُومٍ وَحَمِیمٍ وَظِلٍّ مِّن یَحْمُومٍ لَّا بَارِدٍ وَلَا کَرِیمٍ» (56-الواقعۃ:41-44) ’ وہ لوگ جن کے بائیں ہاتھ میں نامہ اعمال دئے جائیں گے یہ بائیں ہاتھ والے کیسے بد لوگ ہیں گرم ہوا اور گرم پانی میں پڑے ہوئے ہوں گے اور دھوئیں کے سائے میں جو نہ ٹھنڈا نہ باعزت ‘ ۔ دوسری آیت میں ہے «ہَذَا وَإِنَّ لِلطَّاغِینَ لَشَرَّ مَآبٍ جَہَنَّمَ یَصْلَوْنَہَا فَبِئْسَ الْمِہَادُ ہَذَا فَلْیَذُوقُوہُ حَمِیمٌ وَغَسَّاقٌ وَآخَرُ مِنْ شَکْلِہِ أَزْوَاجٌ» ۱؎ (38-ص:58-55) ’سرکشوں کے لیے جہنم کا برا ٹھکانا ہے جس میں داخل ہوں گے اور وہ رہائش کی بدترین جگہ ہے اس مصیبت کے ساتھ تیز گرم پانی اور پیپ لہو اور اسی کے ہم شکل اور بھی قسم قسم کے عذاب ہوں گے جو دوزخیوں کو بھگتنے پڑیں گے جنہیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا ‘ ۔ «وَمَا رَبٰکَ بِظَلَّامٍ لِلْعَبِیدِ» ۱؎ (41-فصلت:46) ’ یہ ان کے اعمال کا بدلہ ہو گا نہ کہ اللہ کا ظلم ‘ ۔