وَنَادَىٰ أَصْحَابُ الْأَعْرَافِ رِجَالًا يَعْرِفُونَهُم بِسِيمَاهُمْ قَالُوا مَا أَغْنَىٰ عَنكُمْ جَمْعُكُمْ وَمَا كُنتُمْ تَسْتَكْبِرُونَ
اور ان بلندیوں والے کچھ مردوں کو آواز دیں گے، جنھیں وہ ان کی نشانی سے پہچانتے ہوں گے، کہیں گے تمھارے کام نہ تمھاری جماعت آئی اور نہ جو تم بڑے بنتے تھے۔
کفر کے ستون اور ان کا حشر کفر کے جن ستونوں کو ، کافروں کے جن سرداروں کو اعراف والے ان کے چہروں سے پہچان لیں گے ، انہیں ڈانٹ ڈپٹ کر کے پوچھیں گے کہ آج تمہاری اکثریت جمعیت کہاں گئی ؟ اس نے تو تمہیں مطلقاً فائدہ نہ پہنچایا ۔ آج وہ تمہاری اکڑفوں کیا ہوئی ؟ تم تو بری طرح عذابوں میں جکڑ دیئے گئے ۔ اس کے بعد ہی اللہ تعالیٰ کی طرف سے انہیں فرمایا جائے گا کہ بدبختو ! انہی کی نسبت تم کہا کرتے تھے کہ اللہ انہیں کوئی راحت نہیں دے گا ۔ اے اعراف والو ! میں تمہیں اجازت دیتا ہوں کہ جاؤ با آرام ، بے کھٹکے جنت میں جاؤ ۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اعراف والوں کے اعمال صالحہ اس قابل نہ نکلے کہ انہیں جنت میں پہنچائیں لیکن اتنی برائیاں بھی ان کی نہ تھیں کہ دوزخ میں جائیں تو یہ اعراف پر ہی روک دیئے گئے ، لوگوں کو ان کے اندازے سے پہچانتے ہوں گے ۔ جب اللہ تعالیٰ اپنے بندوں میں فیصلے کر چکے گا ، شفاعت کی اجازت دے گا ۔ لوگ سیدنا آدم علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور کہیں گے کہ اے آدم علیہ السلام ! آپ ہمارے باپ ہیں ، ہماری شفاعت اللہ تعالیٰ کی جناب میں کیجئے ۔ آپ جواب دیں گے : کیا تم نہیں جانتے ہو کہ میرے سوا کسی کو اللہ تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے پیدا کیا ہو ، اپنی روح اس میں پھونکی ہو ، اپنی رحمت اس پر اپنے غضب سے پہلے پہنچائی ہو ، اپنے فرشتوں سے اسے سجدہ کرایا ہو ؟ سب جواب دیں گے : نہیں ، ایسا آپ کے سوا نہیں ۔ آپ فرمائیں گے : میں اس کی حقیقت سے بےخبر ہوں ، میں تمہاری شفاعت نہیں کر سکتا ۔ ہاں ! تم میرے لڑکے ابراہیم علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ اب سب لوگ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے پاس پہنچیں گے اور ان سے شفاعت کرنے کی درخواست کریں گے ۔ آپ جواب دیں گے کہ کیا تم جانتے ہو کہ میرے سوا اور کوئی خلیل اللہ ہوا ہو ؟ یا اللہ کے بارے میں اس کی قوم نے آگ میں پھینکا ہو ؟ سب کہیں گے : آپ کے سوا اور کوئی نہیں ۔ فرمائیں گے : مجھے اس کی حقیقت معلوم نہیں ، میں تمہاری درخواست شفاعت نہیں لے جا سکتا ، تم میرے لڑکے موسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ موسیٰ علیہ السلام جواب دیں گے کہ بتاؤ میرے سوا اللہ نے کسی کو اپنا کلیم اللہ بنایا ، اپنی سرگوشیوں کے لیے نزدیکی عطا فرمائی ؟ جواب دیں گے کہ نہیں ۔ فرمائیں گے : میں اس کی حقیقت سے بےخبر ہوں ، میں تمہاری سفارش کرنے کی طاقت نہیں رکھتا ۔ ہاں ! تم عیسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ ۔ لوگ عیسیٰ علیہ السلام کے پاس آئیں گے ، ان سے شفاعت طلبی کا تقاضا کریں گے ۔ یہ جواب دیں گے کہ کیا تم جانتے ہو کہ میرے سوا کسی کو اللہ نے بے باپ کے پیدا کیا ہو ؟ جواب ملے گا کہ نہیں ۔ پوچھیں گے : جانتے ہو کہ کوئی مادر زاد اندھوں اور کوڑھیوں کو بحکم اللہ میرے سوا اچھا کرتا ہو یا کوئی مردہ کو بحکم اللہ زندہ کر دیتا ہو ؟ کہیں گے کہ کوئی نہیں ۔ فرمائیں گے کہ میں تو آج اپنے نفس کے بچاؤ میں ہوں ، میں اس کی حقیقت سے بےخبر ہوں ۔ مجھ میں اتنی طاقت کہاں کہ تمہاری سفارش کر سکوں ، ہاں ! تم سب کے سب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ ۔ چنانچہ سب لوگ میرے پاس آئیں گے ، میں اپنا سینہ ٹھونک کر کہوں گا کہ ہاں ہاں ! میں اسی لیے موجود ہوں ، پھر میں چل کر اللہ کے عرش کے سامنے ٹھہر جاؤں گا ۔ اپنے رب عزوجل کے پاس پہنچ جاؤں گا اور ایسی ایسی اس کی تعریفیں بیان کروں گا کہ کسی سننے والے نے کبھی نہ سنی ہوں ۔ پھر سجدے میں گر پڑوں گا ، پھر مجھ سے فرمایا جائے گا کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ! اپنا سر اٹھاؤ ، مانگو دیا جائے گا ۔ شفاعت کرو ، قبول کی جائے گی ۔ پس میں اپنا سر اٹھا کر کہوں گا : میرے رب ! میری امت ۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا : وہ سب تیرے ہی ہے ۔ پھر تو ہر ہر پیغمبر اور ہر ایک فرشتہ رشک کرنے لگے گا ۔ یہی مقام ، مقام محمود ہے ۔ پھر میں ان سب کو لے کر جنت کی طرف آؤں گا ۔ جنت کا دروازہ کھلواؤں گا اور وہ میرے لیے اور ان کے لئے کھول دیا جائے گا ۔ پھر انہیں ایک نہر کی طرف لے جائیں گے جس کا نام نہر الحیوان ہے ، اس کے دونوں کناروں پر سونے کے محل ہیں جو یاقوت سے جڑاؤ کئے گئے ہیں ، اس میں غسل کریں گے جس سے جنتی رنگ اور جنتی خوشبو ان میں پیدا ہو جائے گی اور چمکتے ہوئے ستاروں جیسے وہ نورانی ہو جائیں گے ۔ ہاں ! ان کے سینوں پر سفید نشان باقی رہ جائیں گے جس سے وہ پہچانے جائیں گے ۔ انہیں مساکین اہل جنت کہا جائے گا ۔