سورة الروم - آیت 22

وَمِنْ آيَاتِهِ خَلْقُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافُ أَلْسِنَتِكُمْ وَأَلْوَانِكُمْ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّلْعَالِمِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اس کی نشانیوں میں سے آسمانوں اور زمین کو پیدا کرنا اور تمھاری زبانوں اور تمھارے رنگوں کا الگ الگ ہونا ہے۔ بے شک اس میں جاننے والوں کے لیے یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں۔

تفسیر فہم القرآن - میاں محمد جمیل ایم اے

فہم القرآن: ربط کلام : اللہ کی قدرت کی پانچویں اور چھٹی نشانی۔ اللہ تعالیٰ کی قدرت کی عظیم نشانیوں میں عظیم تر نشانیاں یہ ہیں کہ اس نے آسمانوں کو ٹھوس صورت میں پیدا کیا اور بغیر ستونوں کے ٹھہرایا اور آسمان دنیا کو ستاروں سے خوبصورت بنایا اور شہاب ثاقب کے ذریعے اس کی حفاظت فرمائی۔ آسمان کو اس طرح قائم دائم فرمایا ہے کہ آج تک نہ جھکا ہے اور نہ ہی کہیں سے اس میں دراڑ واقع ہوئی ہے۔ یہ قیامت تک جوں کا توں کھڑا اور لوگوں کو دکھائی دیتا رہے گا۔ زمین پر غور فرمائیں کہ اسے تہہ بہ تہہ سات زمینوں میں تقسیم کیا اور پوری کی پوری زمین پانی پر بچھائی اور ٹھہرائی ہے۔ زمین اپنی وسعت اور وجود کے اعتبار سے اتنی بھاری اور بوجھل ہے کہ اس کے بوجھ کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا۔ پھر جمادات، نباتات، حیوانات، ٹھہرائے اور اس پر انسان بسائے لیکن اس کے باوجود کروڑوں سالوں سے پانی پر ٹھہری ہوئی ہے نہ کہیں سے دھنسی ہے اور نہ ہی اس میں کوئی دراڑ پیدا ہوئی ہے۔ اسی طرح غور فرمائیں کہ ایک ہی آب وہوا، ایک جیسی خوراک اور ایک ہی ملک میں رہنے والے لاکھوں، کروڑوں انسان ایک ہی جیسی زبانTONGUE) )اور آب وہوا رکھتے ہیں مگر بولیاں الگ الگ ہیں۔ اب تک دنیا میں تقریباً 6900 زبانیں بولی جاتی ہیں۔ ویب سائٹ کی معلومات کے مطابق اب تک 60 فی صد لوگ جو زبانیں بولتے ہیں۔ وہ تیس کے قریب ہیں۔ جن میں مشہوریہ زبانیں ہیں۔ دنیا میں مشہور زبانوں کے نام اور ان کے بولنے والوں کی تعداد : 1۔ چینی : 882 ملین 2۔ ہسپانوی : 325 ملین 3۔ انگریزی :-380 312 ملین 4۔ عربی : 206-422 ملین 5۔ ہندی : 181 ملین 6۔ پُرتگالی : 178 ملین 7۔ بنگالی : 173 ملین 8۔ روسی : 146 ملین 9۔ جاپانی : 128 ملین 10۔ جرمن : 96 ملین 11۔ اردو بولنے والے اور سمجھنے والے تقریباً پچاس کروڑ سے زائد ہیں۔