سورة النسآء - آیت 176

يَسْتَفْتُونَكَ قُلِ اللَّهُ يُفْتِيكُمْ فِي الْكَلَالَةِ ۚ إِنِ امْرُؤٌ هَلَكَ لَيْسَ لَهُ وَلَدٌ وَلَهُ أُخْتٌ فَلَهَا نِصْفُ مَا تَرَكَ ۚ وَهُوَ يَرِثُهَا إِن لَّمْ يَكُن لَّهَا وَلَدٌ ۚ فَإِن كَانَتَا اثْنَتَيْنِ فَلَهُمَا الثُّلُثَانِ مِمَّا تَرَكَ ۚ وَإِن كَانُوا إِخْوَةً رِّجَالًا وَنِسَاءً فَلِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنثَيَيْنِ ۗ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمْ أَن تَضِلُّوا ۗ وَاللَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہ تجھ سے فتویٰ مانگتے ہیں، کہہ دے اللہ تمھیں کلالہ کے بارے میں فتویٰ دیتا ہے، اگر کوئی آدمی مر جائے، جس کی کوئی اولاد نہ ہو اور اس کی ایک بہن ہو تو اس کے لیے اس کا نصف ہے جو اس نے چھوڑا اور وہ (خود) اس (بہن) کا وارث ہوگا، اگر اس (بہن) کی کوئی اولاد نہ ہو۔ پھر اگر وہ دو (بہنیں) ہوں تو ان کے لیے اس میں سے دو تہائی ہوگا جو اس نے چھوڑا اور اگر وہ کئی بھائی بہن مرد اور عورتیں ہوں تو مرد کے لیے دو عورتوں کے حصے کے برابر ہوگا۔ اللہ تمھارے لیے کھول کر بیان کرتا ہے کہ تم گمراہ نہ ہوجاؤ اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 5 سورت کی ابتدا احکام اموال سے ہوئی تھی اب آخر میں انہی احکام کے ساتھ سورت کو ختم کیا جارہا ہے ۔درمیان سورت میں مخالفین سے مجادلہ اور ان کی تردید ہے (رازی) ’’کلالہ‘‘ پر بحث آیت 11 میں گزر چکی ہے۔، بخاری ومسلم اور حدیث کی دوسری کتابوں میں حضرت جابر (رض) سے روایت ہے کہ میں بیمار ہوا اور بیہوش تھا َ ۔نبی (ﷺ) میری عیادت کے لیے تشریف لائے آپ (ﷺ) نے وضو فرمایا اور وضو سے بچے ہوئے پانی کے میرے منہ پر چھینٹے دیئے۔ جس سے مجھے ہوش آگیا میں نے عرض کی میں کلالہ ہوں میری میراث کیسے تقسیم ہوگی۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی (ابن جریر) ف 6 بعض علمانے اس سے استدلال کیا ہے کہ جن کی اولاد نہ ہو خواہ اس کا باپ زندہ ہی ہو اسے کلالہ کہا جائے گا مگر جمہور علمأ کے نزدیک اس کی تعریف یہ ہے من لا ولد لہ ولا والد کہ جس کی نہ اولاد ہو اور نہ باپ اس لیے تشریح میں ’’نہ باپ‘‘ کا لفظ بڑھا دیا ہے۔، مزید دیکھئے آیت 11 (ابن کثیر) ف 7 یہا ں بہن سے عینی یا علاتی بہن( صرف باپ کی طرف سے) مراد ہے کیونکہ اخیافی بہن ( جو صرف ماں کی طرف سے ہو) کا حکم پہلے گزرچکا ہے۔ (ابن کثیر) ف 8 ’’ولد‘‘ کا لفظ بیٹا بیٹی پر بولا جاتا ہے۔ اس بنا پر بعض نے کہا ہے کہ بیٹی ہونے کی صورت میں بہن محرم رہیگی۔ حضرت ابن عباس (رض) امام داود ظاہری اور علما کی ایک جماعت کا یہی مسلک ہے لیکن اکثر صحابہ تابعین اور بعد کے اہل علم کا مسلک یہ ہے کہ بیٹی کی موجودگی میں بہن بحیثیت عصبہ اپنا حصہ لے گی جیساکہ آنحضرت (ﷺ) کے زمانہ میں حضرت معاذ (رض) نے بیٹی کو نصف دیا اور باقی بہن کو بطور عصبہ یا۔ اور دوسری صحیح حدیث میں ہے کہ آنحضرت (ﷺ) نے خود بیٹی کو نصف پوتی کو سد سدیا اور باقی ماندہ بہن کودیا۔پس یہاں ولد سے مراد صرف لڑکے ہیں (شوکانی ) ف 1 اور یہی حکم دو سے زیادہ بہنوں کا ہے۔ (شوکانی )