سورة الانشقاق - آیت 8
فَسَوْفَ يُحَاسَبُ حِسَابًا يَسِيرًا
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
سو عنقریب اس سے حساب لیا جائے گا، نہایت آسان حساب۔
تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح
ف 16 یعنی اس کے گناہ اسے بتلائے ضرور جائیں گے لیکن ان پر کوئی باز پرس اور جرح نہ ہوگی بلکہ وہ معاف کردیئے جائیں گے صحیحین میں حضرت عائشہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’ دجس کا حساب لیا گیا وہ تباہ ہوگیا۔“ میں نے عرض کیا۔” کیا اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد نہیں ہے کہ جس کو اس کا نامہ اعمال داہنے ہاتھ میں ملے گا اس سے تو آسانی سے حساب لیا جائیگا۔“ فرمایا :” یہ حساب نہیں ہوگا یہ صرف پیشی ہوگی اور جس سے حساب لینے میں باز پرس کی گئی وہ تباہ ہوگیا۔ شوکانی)