سورة الزخرف - آیت 60

وَلَوْ نَشَاءُ لَجَعَلْنَا مِنكُم مَّلَائِكَةً فِي الْأَرْضِ يَخْلُفُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اگر ہم چاہیں تو ضرور تمھارے عوض فرشتے بنا دیں، جو زمین میں جانشین ہوں۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 2 یعنی ایک عیسیٰ کو بن باپ پیدا کرنا کیا مشکل ہے، هم تو اگر چاہیں تمہاری نسل سے فرشتے پیدا کردیں۔ یا تم میں سے بعض کو فرشتے بنا دیں جو زمین میں تمہارے قائم مقام ہوں۔ آیت کے یہ دونوں مطلب اس صورت میں ہیں جب مِنْكُمْ کا ترجمہ’’ تم میں سے‘کیا جائے اور اگر اس کا ترجمہ تمہارے بجائے کیا جائے جو دراصل بدلا مِنْكُمْ کا ترجمہ ہے تو مطلب یہ ہوگا کہ اگر ہم چاہیں تو تم سب کو ہلاک کر کے تمہارے بجائے زمین میں فرشتوں کو بسا دیں جو( تمہاری طرح) آپس میں ایک دوسرے وارث ہوں۔ یعنی فرشتوں کے آسمان میں رہنے سے یہ لازم نہیں آتا کہ ان کی عبادت کی جائے یا ان کو اللہ کی بیٹیاں کہہ کر پکارا جائے۔ ( قرطبی وغیرہ)