سورة سبأ - آیت 40

وَيَوْمَ يَحْشُرُهُمْ جَمِيعًا ثُمَّ يَقُولُ لِلْمَلَائِكَةِ أَهَٰؤُلَاءِ إِيَّاكُمْ كَانُوا يَعْبُدُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور جس دن وہ ان سب کو جمع کرے گا، پھر فرشتوں سے کہے گا کیا یہ لوگ تمھاری ہی عبادت کیا کرتے تھے؟

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف ٧ یعنی کیا تم نے ان لوگوں سے کہا تھا کہ ہم تمہارے معبود ہیں، تم ہماری عبادی کیا کرو؟ اور کیا تم اس سے خوش تھے کہ وہ تمہاری پوجا کریں؟ قیامت کے روز یہ سوال فرشتوں ہی سے نہیں ہوگا بلکہ ان تمام ہستیوں سے کیا جائے گا جن کی دنیا میں عبادت ہوتی تھی۔ سورۃ فرقان میں ہے ( ویوم یحشر ھم وما یعبدون من دون اللہ فیقول انتم اضللتھم عبادی ام ھم ضلوا السبیل) جس روز انہیں اور ان کے باطل معبودوں کو جمع کرے گا اور ان سے فرمائے گا کہ کیا تم نے ان لوگوں کو گمراہ کیا یا وہ خود گمراہ ہوئے۔ ( آیت ١٧) اور سورۃ مائدہ میں ہے ( واذا قال اللہ یعیسی ابن مریم انت قلت للناس اتخذونی وامی الھین من دون اللہ) اور جب اللہ تعالیٰ فرمائے گا اے عیسیٰ ( علیہ السلام) بن مریم ( علیہ السلام) ! کیا تو نے لوگوں سے یہ کہا تھا کہ اللہ کے سوا مجھے اور میری ماں کو معبود بنا لو؟ (آیت ١١٦)۔