سورة الحجر - آیت 80
وَلَقَدْ كَذَّبَ أَصْحَابُ الْحِجْرِ الْمُرْسَلِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور بلاشبہ یقیناً ’’حجر‘‘ والوں نے رسولوں کو جھٹلا دیا۔
تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح
ف 11 اس سورۃ میں یہ چوتھا قصہ ہے۔ ’’حجر ‘‘قوم ثمود کا مركزی شہر تھا جو اب ” مدائن صالح“ کے نام سے مشہور ہے اور وہاں اس قوم کے تباہ شدہ آثار اب بھی موجود ہیں۔ یہ علاقہ شهر ” العلا“ سے چند میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ حجاز سے جو قافلے شام جاتے ہیں وہ لازماً اس سے گزر کر جاتے ہیں اور یہ اس ریلوے لائن کا ایک ا سٹیشن بھی ہے جو مدینہ سے دمشق کو جاتی ہے۔ ف 12 ایک پیغمبر کی تکذیب چونکہ سب کی تکذیب ہے اس لئے ان کے بارے میں فرمایا گیا کہ انہوں نے پیغمبروں کو جھٹلایا۔ (روح)