كِتَابُ بَابُ مَا جَاءَ فِي قَوْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَبْلَ الطَّعَامِ وَبَعْدَمَا يَفْرُغُ مِنْهُ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ مُوسَى ، حَدَّثَنَا أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ الدَّسْتُوائِيُّ، عَنْ بُدَيْلٍ الْعُقَيْلِيُّ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُبَيْدِ بْنِ عُمَيْرٍ، عَنْ أُمِّ كُلْثُومٍ، عَنْ عَائِشَةَ، قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " إِذَا أَكَلَ أَحَدُكُمْ فَنَسِيَ أَنْ يَذْكُرَ اللَّهَ تَعَالَى عَلَى طَعَامِهِ فَلْيَقُلْ: بِسْمِ اللَّهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ "
کتاب
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کھانا کھانے سے پہلے اور بعد کی دعائیں
’’ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرما یا : جب تم میں سے کوئی ایک (کھانا )کھانے لگے اور اللہ تعالیٰ کا نام لینا بھول جائے تو بِسْمِ اللہ ِ أَوَّلَہُ وَآخِرَہُ پڑھ لے یعنی کہ اس کھانے کے شروع اور آخر میں میں اللہ کا م لیتا ہوں۔‘‘
تخریج : یہ حدیث صحیح ہے۔ سنن ترمذي، أبواب الأطعمة (۴؍۱۸۵۸) اور کہا کہ حدیث حسن صحیح ہے، سنن أبي داود، کتاب الأطعمة (۳؍۳۷۶۷)، سنن دارمي،کتاب الأطعمة (۳؍۲۰۲۱)، مسند أحمد بن حنبل (۶؍۲۰۸)۔
تشریح و فوائد: ...مومن جمیع احوال وافعال میں اللہ تعالیٰ کی مدد چاہتا ہے اگر کھانا کھاتے ہوئے کسی وقت اس کی زبان پر بِسْمِ اللّٰهِ نہیں آیا تو وہ معاف ہے، جیسے ہی یاد آئے اسی وقت پڑھ لے اگرچہ آخری لقمہ ہی کیوں نہ ہو۔ ہاں اب اس میں دوالفاظ کا اضافہ کیا جائے گا اور کہے گا، بِسْمِ اللّٰهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ یہ کہنا اسے برکت کے لیے کفایت کرے گا۔کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد آخر کو بھی شامل ہے۔ سنن ابی داؤد میں ضعیف سند کے ساتھ امیہ بن مخشی سے مروی ہے کہ ((کَانَ رَجُلٌ یَأْکُلُ فَلَمْ یُسَمِّ حَتَّی لَمْ یَبْقَ مِنْ طَعَامِهِ إِلَّا لُقْمَةً فَلَمَّا رَفَعَهَا إِلیٰ فِیْهِ قَالَ بِسْمِ اللّٰهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ فَضَحِكَ النَّبِیُّ صلى الله عليه وسلم ثُمَّ قَالَ مَا زَالَ الشَّیْطٰنُ یَاْ کُلُ مَعَهُ فَلَمَّا ذَکَرَ اسْمَ اللّٰهِ إِسْتَقَاءَ مَا فِيْ بَطْنِهِ))
’’یعنی ایک آدمی کھانا کھا رہا تھا حالانکہ اس نے بِسْمِ اللّٰہِ نہیں پڑھی تھی حتی کہ جب اس کا ایک لقمہ رہ گیا تو اس کو جب منہ کی طرف اٹھایا تو بِسْمِ اللّٰهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ کہہ دیا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہنس پڑے پھر فرمایا : شیطان اس کے ساتھ کھاتا رہا، پھر جب اس نے اللہ کا نام لیا تو شیطان نے جو کچھ کھایا تھا وہ سب اُگل دیا۔‘‘( سنن أبي داود، کتاب الأطعمة، باب التسمیۃ علی الطعام، حدیث:۳۷۶۸۔)