كِتَابُ تَفْسِيرِ القُرْآنِ بَابُ قَوْلِهِ {كَلَّا سَنَكْتُبُ مَا يَقُولُ وَنَمُدُّ لَهُ مِنَ العَذَابِ مَدًّا} صحيح حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ خَالِدٍ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ سُلَيْمَانَ سَمِعْتُ أَبَا الضُّحَى يُحَدِّثُ عَنْ مَسْرُوقٍ عَنْ خَبَّابٍ قَالَ كُنْتُ قَيْنًا فِي الْجَاهِلِيَّةِ وَكَانَ لِي دَيْنٌ عَلَى الْعَاصِ بْنِ وَائِلٍ قَالَ فَأَتَاهُ يَتَقَاضَاهُ فَقَالَ لَا أُعْطِيكَ حَتَّى تَكْفُرَ بِمُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ وَاللَّهِ لَا أَكْفُرُ حَتَّى يُمِيتَكَ اللَّهُ ثُمَّ يَبْعَثَكَ قَالَ فَذَرْنِي حَتَّى أَمُوتَ ثُمَّ أُبْعَثَ فَسَوْفَ أُوتَى مَالًا وَوَلَدًا فَأَقْضِيكَ فَنَزَلَتْ هَذِهِ الْآيَةُ أَفَرَأَيْتَ الَّذِي كَفَرَ بِآيَاتِنَا وَقَالَ لَأُوتَيَنَّ مَالًا وَوَلَدًا
کتاب: قرآن پاک کی تفسیر کے بیان میں باب: آیت (( کلا سنکتب ما یقول ونمد لہ من العذاب مدا )) کی تفسیر ہم سے بشر بن خالد نے بیان کیا ، کہا ہم سے محمد بن جعفر نے بیان کیا ، ان سے شعبہ نے ، ان سے سلیمان اعمش نے ، انہوں نے ابوالضحیٰ سے سنا ، ان سے مسروق نے بیان کیا کہ خباب بن ارت رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں زمانہ جاہلیت میں لوہاری کاکام کرتا تھا اور عاص بن وائل پر میرا کچھ قرض تھا ۔ بیان کیا کہ میں اس کے پاس اپنا قرض مانگنے گیا تو وہ کہنے لگا کہ جب تک تم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار نہیں کرتے ، تمہاری مزدوری نہیں مل سکتی ۔ میں نے اس پر جواب دیا کہ خدا کی قسم ، میں ہرگز آنحضرت کا انکار نہیں کر سکتا ، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ تجھے ماردے اور پھر تجھے دوبارہ زندہ کردے ۔ عاص کہنے لگا کہ پھر مرنے تک مجھ سے قرض نہ مانگو ۔ مرنے کے بعد جب میں زندہ رہوں گا تو مجھے مال واولاد بھی ملیں گے اور اس وقت تمہارا قرض ادا کردوں گا ۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔ افرایت الذی کفر بٰایٰتنا وقال لاوتین مالا وولدا الخ ۔