کتاب: زندگی سے ریٹائرمنٹ - صفحہ 79
عذاب قبر کے چند واقعات ’’لمحات موت‘‘ میں ہم ذکر کرچکے ہیں،یہاں پر مذکورہ تازہ واقعات سے یہ تنبیہ مقصود ہے کہ قبر میں راحت وعذاب کا تعلق اگر چہ غیبی امور سے ہے،جن پر ایمان ویقین رکھنا مومن کے لیے ضروری ہے،پھر بھی اس ایمان ویقین کو تازہ رکھنے اور عبرت پکڑنے کے لیے اللہ تعالیٰ کبھی کبھی عذاب قبر کی عینی جھلک دکھا دیا کرتا ہے۔
افسوس:زیارت مقابر کی سنت روز بروز مردہ ہوتی جارہی ہے،جس کی وجہ سے عذاب قبر کے آنکھوں دیکھے واقعات کی معلومات شاذ ونادر ہوتی جارہی ہیں،اور لوگ اپنے اچھے یا برے انجام سے غافل وبے پرواہ ہوتے جارہے ہیں،ان کے کردار،گفتار،طرز زندگی اور رہن سہن گواہی دے رہے ہیں کہ ان کے نزدیک جو کچھ ہے یہی دنیا ہے،اس کے بعد نفع وضرر اور اچھے برے امور کی کوئی حیثیت نہیں ہے،بے خوفی وبے باکی نے یہ رنگ اختیار کرلیا ہے کہ زمینی،آسمانی اور وبائی بیماری وغیرہ آفتیں اس طرح بے اثر ہوگئی ہیں،گویا یہ گردش ایام کا نتیجہ ہیں،ایمان وعمل کی جزا وسزا سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے،
’’بریں عقل ودانش بباید گرست‘‘
ان ناگفتہ بہ حالات اور ایمان وعمل کی مظلومیت کے وقت اللہ تعالیٰ سے اس دعا کے علاوہ کیا چارہ رہ جاتا ہے کہ امت مسلمہ کو صحیح راستہ پر چلنے کی توفیق بخشے،برے انجام سے محفوظ رکھے،بالخصوص موت کی تلخیوں وشدتوں میں ہماری مدد فرما ئے،اور خاتمہ بالخیر کی سعادت سے نوازے۔آمین۔