کتاب: زیور علم اور مثالی طالب علم کے اخلاق و اوصاف - صفحہ 15
علامہ بکر بن عبداﷲ ابو زید رحمہ اللہ
علامہ بکر ابو زید رحمہ اللہ ۱۳۶۵ھ / ۱۹۴۶ء میں سعودی عرب کے دار الخلافہ ریاض کے قریب ایک علاقے وشم میں پیدا ہوئے۔ حصولِ علم کا آغاز وشم ہی میں کیا، لیکن جلد ہی ریاض منتقل ہو گئے اور ابتدائی تعلیم کے بعد ریاض کے المعہد العلمی اور کلیۃ الشریعہ سے ۱۳۸۸ھ / ۱۹۶۸ء میں تعلیم مکمل کی۔ بعد ازاں ۱۳۹۹ھ / ۱۹۷۹ء میں ایم۔اے کیا جس میں ((الحدود والتعزیرات عند ابن قیم الجوزیۃ))کے نام سے مقالہ لکھا۔ پھر ۱۴۰۳ھ / ۱۹۸۳ء میں پی۔ایچ۔ڈی کی تکمیل کی جس کے لیے ((أحکام الجنایۃ علی النفس وما دونھا عند ابن قیم الجوزیۃ)) کے عنوان سے مقالہ سپردِ قلم کیا۔
علامہ بکر رحمہ اللہ نے اپنے عہد کے اساطینِ علم سے بھرپور استفادہ کیا جن میں علامہ عبدالعزیز بن عبداﷲ بن باز (۱۴۱۹ھ)، علامہ محمد امین شنقیطی (۱۳۴۳ھ) اور قاضی صالح بن مطلق (۱۳۸۵ھ) کے نام نمایاں ہیں۔ فراغت کے بعد آپ نے مختلف اداروں میں تدریس اور دیگر اہم ذمے داریاں نبھائیں۔ جب شیخ بکر رحمہ اللہ ۱۳۸۸ھ / ۱۹۶۸ء میں کلیۃ الشریعہ ریاض سے فارغ ہوئے تو مدینہ منورہ کی سول کورٹ میں جج متعین ہوئے اور ۱۴۰۰ھ / ۱۹۸۰ء تک اس منصب پر فائز رہے۔ اس دوران میں دس سال تک مسجدِ نبوی میں مختلف علوم و فنون کی تدریس اور امامت و خطابت کی