کتاب: زیور علم اور مثالی طالب علم کے اخلاق و اوصاف - صفحہ 103
اﷲ تعالیٰ سے عمل کی توفیق بھی مانگو اور سلف صالحین کے طریقے پر اﷲ کی طرف لوگوں کو دعوت دو۔ مختلف جماعتوں سے نکلنے اور شامل ہونے کے تجربات میں نہ پڑے رہنا کہ آپ فضائے بسیط سے نکل کر تنگ دائروں میں مقید ہو جائیں۔ اسلام سارے کا سارا ہی آپ کے لیے جادہ و منہج ہے اور تمام اہلِ اسلام ایک جماعت ہیں۔ بے شک اﷲ تعالیٰ کا ہاتھ جماعت پر ہے اور اسلام میں کوئی پارٹی بازی اور گروہ بندی نہیں۔ اﷲ تعالیٰ آپ کو اس سے اپنی پناہ میں رکھے کہ آپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائیں اور مختلف فرقوں، گروہوں، باطل مذاہب اور غالی جماعتوں کے نظریات کے خوشہ چین بن جائیں اور انھیں نظریات کو دوستی اور دشمنی کی دلیل بنا لیں۔ جادۂ مستقیم پر چلنے والے طالب بن جائیں، سلف صالحین کے نقوشِ قدم کی راہ پر چلیں اور سنتوں کی پیروی کریں، پوری بصیرت و دانش مندی سے اﷲ کی طرف دعوت دیں، اہلِ فضل و کمال کے فضل و کمال اور علم و عمل میں چھوڑی ہوئی مثالوں کی کماحقہ قدر کریں۔ وہ گروہ بندی جس کے کئی موقف ہوں اور وہ ایسے جدید سانچوں میں ڈھلی ہوئی ہو جن سے ہمارے اسلاف بالکل ناآشنا تھے، حصولِ علم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور جماعت کا شیرازہ بکھیر دیتی ہے۔ کتنی ہی ایسی گروہ بندیوں نے اتحادِ اسلامی کے رشتۂ اتحاد کو کمزور کر کے مسلمانوں کو مصائب و آلام سے دوچار کیا ہے۔[1] اﷲ تعالیٰ آپ کو اپنی رحمت کے سائے میں رکھے! ان جماعتوں اور گروہوں سے بچ کر رہیں جن کا رواج ہو گیا ہے اور جن کو وجود میں لانے والے شر و فساد کو وجود میں لا رہے ہیں۔ ان کی حقیقت صرف ان پرنالوں کی سی ہے جن کے اوپر گدلا پانی جمع ہوتا ہے اور جسے یونہی سوچے سمجھے بغیر ادھر ادھر پھینک دیا جاتا ہے، اس
[1] تفصیل کے لیے مولف کی کتاب: ’’حکم الانتماء‘‘ دیکھیں۔