کتاب: ضوابط الجرح والتعدیل - صفحہ 9
عرض مؤلف
الحمدللّٰه والصلوۃ والسلام علی رسول اللّٰه !
گزشتہ سال المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کی دعوت پر استاذ محترم فضیلۃ الشیخ علامہ ارشاد الحق اثری صاحب حفظہ اللّٰه و رعاہ کراچی تشریف لائے اور دو روزہ دورہ اصول الجرح والتعدیل کے حوالے سے اور ایک دن پر مشتمل دورہ دفاع عن الصحیحین کے حوالے سے منعقد ہوا۔ اور علمی حلقوں میں ان دونوں دوروں کو خوب پذیرائی بھی ملی، کراچی بھر کے دینی مدارس کے منتہی طلباءو مشائخ اس میںشریک ہوئے، بلکہ اندرون ِ سندھ اور پنجاب کے بعض علاقوں سے بھی طلباء نے اس پروگرام میں شرکت کی، بحمدللہ دونوں دورے اپنی نوعیت کے اہم ترین موضوع پر مشتمل تھے، استاذِ محترم کا اچھوتا اور منفرد انداز اور محدثانہ و محققانہ اسلوب میں بیان کیا گیا مواد یقیناً اس قابل تھا کہ صفحۂ قرطاس پر محفوظ کردیا جائے ،بس اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے ادارے نے اس مواد کو تحریری شکل میں لانے کا فیصلہ کیا، اور یہ ذمہ داری مجھے سونپ دی گئی ، میں اس ذمہ داری کا متحمل نہیں تھا، بہرحال اللہ کی توفیق و عنایت کے ساتھ کام شروع کیا، تدریس جیسی ذمہ داری ، المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے دیگر علمی پروجیکٹ اور دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ یہ عظیم کام کرنا میرے لئے کسی امتحان سے کم نہ تھا ،لیکن بحمدللہ یہ کام مکمل ہوچکا ہے، میں اس حوالے سے اللہ رب العالمین کا شکر گزار ہوں کہ اس عظیم کام کے لئے اللہ تعالیٰ نے مجھ جیسے ہیچ و گناہ گار ،کم علم و کم عمر کو توفیق عنایت فرمائی۔ کتاب کی تیاری میں جن چیزوں کو ملحوظ رکھا گیا ہے وہ یہ ہیں۔
آسان الفاظ (جو تفہیم کے لئے اثری صاحب حفظہ اللہ ہی کے استعمال کردہ ہیں)ان کو سامنے رکھتے ہوئے سہل الفاظ میں عنوانات قائم کئے گئے ہیں۔