کتاب: ضوابط الجرح والتعدیل - صفحہ 12
اساتذہ کرام و شیوخ عظام نے بھی محبتوں سے نوازا کہ اس دورہ میں تشریف لائے،ہیچمداں کی حوصلہ افزائی فرمائی، جزاھم اللّٰه احسن الجزاء المسند الصحیح کے عنوان پر گفتگو ہوئی۔ گفتگو کا دورانیہ تقریباً پانچ گھنٹوں کا تھا، جسے ریکارڈ کرلیا گیا تھا۔ اول الذکر موضوع (دورہ ضوابط الجرح والتعدیل )کو اسی ریکارڈ سے المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے رفیق جناب مولانا حافظ محمد یونس اثری صاحب حفظہ اللہ نے بڑی محنت سے اوراق پر منتقل کیا بلکہ دوران گفتگو جن حوالوں کا ذکر آیا بڑے اہتمام سے ان کی مراجعت کی اور مطبوعہ متداول کتابوں سے حاشیہ میں ان کا حوالہ بھی دے دیا بلکہ جہاں مناسب سمجھا عربی کی اصل عبارت بھی ذکر کردی گئی تاکہ ان سے استفادہ آسان اور مکمل ہوجائے۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ مولانا حافظ محمد یونس اثری صاحب کو اجر جزیل عطا فرمائے۔ جنہوں نے یہ فریضہ بڑی تن دہی سے ادا کیا۔ اور اس کو اوراق پر منتقل کرکے ہمیشہ کے لئے اسے محفوظ کردیا تاکہ زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ ہوسکے۔ اس ناکارہ نے بھی اس پر ایک نظر ڈال لی ہے اور بعض باتوں کی باحوالہ وضاحت کردی ہے اور جہاں کوئی سقم محسوس ہوا اس کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ مقدور بھر تصحیح و مراجعت کے باوجود اگر اہل علم کہیں کوئی غلطی محسوس فرمائیں تو باحوالہ اس سے مطلع فرمائیں تاکہ آئندہ اس کی اصلاح کرلی جائے۔ دعا ہےکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ محترم مولانا حافظ محمد یونس اثری صاحب کی اس کوشش کو قبول فرمائےاور تشنگان علم کے لئے اسے مفید بنائے۔ ناسپاسی ہوگی اگر میں المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر کے ارباب اہتمام کا شکریہ ادا نہ کروں جنہوں نے اس ناکارہ کی گفتگو کو مفید سمجھتے ہوئے اس کی طباعت کا انتظام کیا اور اپنے زیر نظر علمی موضوعات میں اسے شامل کرکے اس سے استفادہ کی تقریب پیدا کردی ، اللہ تعالیٰ اس ریسرچ سینٹر کو مزید اپنی مرضیات سے نوازے اور دین کی نشر و اشاعت میں بہر نوع ان کی مدد فرمائے اور اس مشکل راہ کی رکاوٹوں کو دور کر کے آسانی باہم پہنچائے۔ آ مین ارشاد الحق اثری 14/6/2016