کتاب: ضوابط الجرح والتعدیل - صفحہ 10
استاد محترم کے بیان کردہ حوالوں کی تخریج کردی گئی ہے۔ اور ضروری حواشی بھی لگائے گئے ہیں۔
استاد محترم نے کسی قاعدہ کی توضیح و تفہیم کے لئے جہاں مثالیں بیان کی ہیں ، کہیں کہیں ان مثالوں پر اضافہ کرتے ہوئے حاشیہ میں مزید مثالیں بھی ذکر کی گئی ہیں۔
کوشش کی گئی ہے کہ اصل عربی عبارات کو حاشیہ میں ذکر کردیا جائے ۔
دورانِ تدریس طلباء کی تفہیم کے لئے جو تکرار ِ الفاظ کیا گیا تھا، ضبطِ تحریر میں لاتے وقت اسے حذف کردیا گیا ہے۔ البتہ تفہیم کے لئے جملوں میں جس تسہیل کا استادِ محترم حفظہ اللہ نے اہتمام کیا ہے اسے ہم نے برقرار رکھا ہے۔
یہاں اپنی تمام تر خامیوں ، کوتاہیوں کا اقرار کرتے ہوئے ، یہ بات تسلیم کرتا ہوں، میں کما حقہ اس کا حق ادا نہیں کرسکتا، البتہ حسبِ استطاعت ایک کوشش کی ہے کہ یہ اہم مواد جو دو دن کے محاضرہ کی شکل میں تو منظر عام پر آچکا تھا، اب ایک تحریری شکل میں بھی احسن انداز میں منظر عام پر آجائے۔ اب اس کا فیصلہ قارئین ہی کریں گے کہ میں اس کوشش میں کس حد تک کامیاب ہوا ہوں۔
یہ کتاب اردو زبان میں لکھی گئی کتب میں سے اس موضوع پر اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہوگی۔ ان شاء اللہ ۔ اللہ تعالیٰ استاذِمحترم حفظہ اللہ کی اس عظیم محنت کو قبول فرمائے،اور اس اہم مواد کو شرفِ قبولیت بخشے ، دینِ حق کی دعوت میں استاذِ محترم حفظہ اللہ کی تمام تر مساعی کو قبول فرمائے، اسےان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔
یہ کتاب بہت پہلے طبع ہوچکی ہوتی لیکن ناچیز کی دیگر مصروفیات اور ادارہ کے دیگر اہم علمی پروجیکٹ کی وجہ سے ذرا تاخیر کا شکار ہوگئی ہے تاہم اسےبہت زیادہ مؤخر نہیں ہونے دیا گیا۔ اس کتاب کی تیاری کے بعد استاذ محترم نے بھی اس کا مراجعہ کیا ہے، جس سے ان شاء اللہ میری جانب سے غلطی کے امکان مزید کم ہوگئے ہیں، اس کے باوجود اہل علم میری جانب سے کسی غلطی کو محسوس کریں ضرور مطلع فرمائیں ، اور جو بات اچھی لگے دعا فرمائیں کہ اسے اللہ تعالیٰ اپنی بارگاہ میں قبول فرمالے اورہم سے راضی ہوجائے۔ آمین
کتبہ / حافظ محمد یونس اثری